رکھیالہ روڈ مری پر سوزوکی بولان گہری کھائی میں گرنے کے بعد آگ کی لپیٹ میں آ گئی جس کے نتیجے میں 7 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ 7 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔
ترجمان سٹی ٹریفک پولیس مری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حادثہ بروہا چوک، چوکی تریٹ کے قریب پیش آیا،حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 5 بچے اور 2 خواتین شامل ہیں۔
متاثرہ خاندان شادی کی تقریب سے واپسی پر اپنے گاؤں تریٹ، ضلع مری جا رہا تھا کہ راستے میں افسوسناک حادثہ پیش آ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
مری کے بڑوھا لنک روڈ پر خوفناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق، 7 شدید زخمی۔ شادی میں شرکت کے لیے جانے والی کیری وین گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور 5 کم عمر بچیاں شامل ہیں۔
#Murree #BreakingNews https://t.co/XDGk7LUb4s
— Anwaar Abbasi (@anwaar12345) October 25, 2026
ڈی ایس پی ٹریفک مری اور ٹریفک پولیس کا عملہ بھی جائے حادثہ پر پہنچا اور امدادی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کیا۔
ڈی پی او مری اور چیف ٹریفک آفیسر مری منیر احمد ہاشمی نے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو امدادی سرگرمیوں میں مکمل معاونت اور واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے،حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
زخمیوں میں ارشد،نگہت،لائبہ بی بی،کاشان،ایمہ نور،طیب محمود،رائمہ نورشامل ہیں جنہیں علاج کیلئے ہولی فیملی اسپتال راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کے بہترین علاج کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرمری کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔
مری میں حالیہ پیش آنے والے چند بڑے حادثات
واضح رہے 29 ستمبر کو مری میں ہی اسکول کے بچوں کو لے جانے والی وین حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس کے نتیجے میں 10 بچے اور ڈرائیور جھلس کر زخمی ہوئے۔ بعدازاں 2 بہن بھائی چل بسے۔
مری کے علاقے کھجٹ میں 10 جون کو ملتان سے آنے والی سیاحوں کی گاڑی میں بھی آگ لگی تھی جس میں 10 افراد جاں بحق اور 13 شدید زخمی ہوئے تھے۔

