ضلع باجوڑ میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر 10 روز کے لیے پابندی عائد کردی گئی، ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 کے تحت پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی 29 اکتوبر سے نافذ ہوگی اور 7 نومبر 2026 تک برقرار رہے گی۔ اس دوران ضلع باجوڑ کی حدود میں موٹر سائیکل پر دو افراد کے سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنرعدنان فرید کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں اور پولیس کی رپورٹس کے تناظر میں سیکیورٹی خدشات اور دہشت گردی کی سرگرمیوں میں موٹر سائیکلوں کے ممکنہ استعمال کے باعث یہ اقدام ضروری سمجھا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 ضابطہ فوجداری کے تحت ڈپٹی کمشنر کو حاصل اختیارات استعمال کرتے ہوئے یہ پابندی عائد کی گئی ہے، جس کا مقصد ضلع میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنا اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کرنا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، متعلقہ حکام کو نوٹیفکیشن سے آگاہ کرنے اوراس پرعمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ مدت کے دوران پابندی کی پاسداری کریں اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
واضح رہے کہ دفعہ 144 کے تحت انتظامیہ کو امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی خدشات سے نمٹنے کے لیے مخصوص پابندیاں عائد کرنے کا اختیار حاصل ہے۔


