عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپے 85 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 377 روپے 91 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 1 روپے 75 پیسے کے اضافے کے بعد 399 روپے 82 پیسے ہو گئی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 29 اکتوبر کے لیے ہو گا۔

گزشتہ روز منگل کو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ ہوا تھا۔ پیر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے 54 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 2 روپے 16 پیسے کا اضافہ کیا گیا تھا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دو روز کی کمی کے بعد آج اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں 1.34 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی خام تیل کی قیمت 101.20 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 1.62 ڈالر فی بیرل اضافے کے بعد 115.70 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
ایران میں چار ممالک کی بیٹھک کے بعد عالمی منڈی میں گزشتہ دو روز کے دوران خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ تاہم گزشتہ روز سعودی آئل ریفائنری پر حوثی حملوں کے دعووں کے بعد خام تیل کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں۔



