حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول سستا جبکہ ڈیزل مہنگا کردیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے 28 اکتوبر کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں جاری کردیں جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 19 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا ہے۔
قیمتوں میں ردوبدل کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 376 روپے 6 پیسے مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بڑھ کر 395 روپے 82 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق 28 اکتوبر سے ہوگا۔

پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر پیٹرول سے چلنے والی سواریوں کے مالکان کو کسی حد تک ریلیف ملنے کی توقع ہے تاہم ڈیزل مہنگا ہونے سے مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے اخراجات بڑھنے کا خدشہ ہے۔
اوگرا کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اوردیگر اخراجات میں تبدیلی کے مطابق کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ، حکومتی ٹیکس اور لیویز بھی صارفین کے لیے مقرر کردہ حتمی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئل ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے برینٹ خام تیل کی قیمت 117 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی تھی، جو اب کم ہو کر 114.85 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت بھی گزشتہ ہفتے 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچنے کے بعد کم ہو کر 100.87 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔


