حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کردیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی بعد نئی قیمت 379 روپے 31 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 390 روپے 11 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں کمی سے موٹر سائیکلوں، گاڑیوں اور دیگر پیٹرول سے چلنے والی سواریوں کے مالکان کو معمولی ریلیف ملے گا جبکہ ڈیزل مہنگا ہونے سے مال برداری اور پبلک ٹرانسپورٹ کے اخراجات پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 22 اکتوبر سے ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں عالمی منڈی میں تیار شدہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں، درآمدی اخراجات، پریمیم، فریٹ اور دیگر متعلقہ عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اوگرا کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں قیمتوں اور دیگر اخراجات میں تبدیلی کے مطابق کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ روپے اور ڈالر کی شرح تبادلہ، حکومتی ٹیکس اور لیویز بھی صارفین کے لیے مقرر کردہ حتمی قیمت پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
اسی وجہ سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں لازماً اسی تناسب سے کم ہوں گی۔ مقامی قیمتوں کا انحصار درآمد کیے جانے والے تیار شدہ ایندھن کی قیمت اور دیگر متعلقہ اخراجات پر بھی ہوتا ہے۔



