حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا اعلان کر دیا گیا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیتموں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 88 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 382 روپے 2 پیسے ہو گئی۔
ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 53 پیسے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 389 روپے 80 پیسے ہو گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 21 نومبر کے لیے ہو گا۔
گزشتہ روز حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ پیر کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 16 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے 69 پیسے کی کمی کی گئی تھی۔ تاہم حکومت کی جانب سے آج پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخری روز جمعہ کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 3 روپے 93 پیسے کی کمی کی گئی تھی جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت کو برقرار رکھا گیا تھا۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، برینٹ خام تیل کی قیمت 110 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگئی، جبکہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں اور خلیج میں بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات نے تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھا دیئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو برینٹ خام تیل کے سودے 55 سینٹ یا 0.50 فیصد اضافے کے ساتھ 110.10 ڈالر فی بیرل پر ہوئے۔ گزشتہ سیشن میں برینٹ کی قیمت 110.70 ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جو 20 مئی کے بعد بلند ترین سطح تھی۔
#Updates Brent crude nears a five-month high as Middle East tensions fuel concerns over energy infrastructure, shipping routes, and global oil supplies.
https://t.co/qGiE4CgPgE
#OilPrices https://t.co/AWVhPyoFcl
— The Diplomatic Insight (@DiplomaticIns) October 20, 2026
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے نومبر کے سودے، جن کی مدت منگل کو ختم ہونا تھی، 0.24 فیصد اضافے کے ساتھ 103.91 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئے۔ زیادہ کاروبار والے دسمبر کے معاہدے کی قیمت بھی 39 سینٹ یا 0.40 فیصد اضافے سے 98.93 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رائٹرز کے مطابق منگل کی کاروباری سرگرمیوں کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 111 ڈالر فی بیرل سے بھی تجاوز کرگئی۔ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ خطے میں بڑھتی کشیدگی اور تیل کی پیداوار، ترسیل اور برآمدات متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔
بحری جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والی کمپنی کیلپر کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کم از کم 18 بحری جہازوں پر حملوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس سے خلیج میں بحری سلامتی اور عالمی توانائی کی سپلائی کے حوالے سے خدشات برقرار ہیں۔


