کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمہ کو بری کردیا۔ یہ چوتھا مقدمہ ہے جس میں انمول عرف پنکی کو بری کیا گیا ہے۔
مقدمہ 2018 میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) تھانے میں اس وقت درج کیا گیا تھا جب اختر کالونی سے 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مبینہ طور پر بڑی مقدار میں چرس اور کوکین برآمد کی گئی تھی، گرفتار افراد میں انمول عرف پنکی کا بھائی ناصر بھی شامل تھا، جو اس مقدمے میں پہلے ہی بری ہوچکا ہے۔
انمول عرف پنکی کو اس کیس میں پہلے اشتہاری قرار دیا گیا تھا، بعد ازاں ملزمہ نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ ’کے 265‘ کے تحت بریت کی درخواست دائر کی، جس کے تحت ناکافی شواہد کی صورت میں ملزم کو سزا سے قبل بری کیا جاسکتا ہے۔
مقدمے میں استغاثہ کے 2 گواہوں، جن میں تفتیشی افسر محمد منصور بھی شامل تھے، نے عدالت میں بیانات ریکارڈ کرائے اور دونوں نے انمول عرف پنکی کی شناخت ملزمہ کے طور پر کی۔
چالان میں کیا الزامات لگائے گئے؟
سی ٹی ڈی نے جولائی میں جمع کرائے گئے ضمنی چالان میں دعویٰ کیا تھا کہ ملزمان نے تفتیش کے دوران بتایا کہ وہ ”میڈم پنکی“ کے لیے کام کرتے تھے اور کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات کی سپلائی کے لیے ان سے ہدایات لیتے تھے۔
چالان کے مطابق انمول عرف پنکی مبینہ طور پر فی گرام منشیات کی قیمت 12 ہزار سے 15 ہزار روپے مقرر کرتی تھی۔
سی ٹی ڈی نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ مقدمے میں باضابطہ گرفتاری کے بعد خواتین کی جیل میں تفتیش کے دوران ملزمہ نے نیٹ ورک کی سرغنہ ہونے کا اعتراف کیا تھا۔
چالان میں مزید کہا گیا تھا کہ ناصر نے پولیس کو بتایا کہ انمول اس کی حقیقی بہن ہے جبکہ خاندان کے دیگر افراد لاہور منتقل ہوچکے ہیں۔
انمول پنکی پہلے کن مقدمات میں بری ہوئیں؟
انمول عرف پنکی کو اس سے قبل کراچی کے علاقے گزری تھانے میں 2020، 2021 اور 2022 میں درج 3 مقدمات میں بھی عدم شواہد کی بنیاد پر بری کیا جاچکا ہے ان مقدمات میں بریت کے بعد حالیہ فیصلے کے نتیجے میں بری ہونے والے مقدمات کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔
تاہم گزری تھانے میں 2021 میں درج ایک دوسرے مقدمے میں بھی انمول عرف پنکی نے بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
انمول عرف پنکی کو مئی 2026 میں کراچی کے علاقے گارڈن میں درج 2 مقدمات میں گرفتار کیا گیا تھا، ان مقدمات کا تعلق مبینہ طور پر منشیات رکھنے اور بغیر لائسنس اسلحہ رکھنے سے ہے، گرفتاری سے قبل بھی وہ متعدد مقدمات میں اشتہاری یا مفرور قرار دی جاچکی تھیں۔



