پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے دوسرے اوپن یوریشین فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
دنانیر مبین کو یہ اعزاز ان کی فلم ”میرا لیاری“ میں شاندار اداکاری پر دیا گیا۔ اداکارہ نے جمعرات کو روس کے دارالحکومت ماسکو میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ وصول کیا۔
فلم ”میرا لیاری“ میں دنانیر مبین نے افسانہ نامی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جو کراچی کے علاقے لیاری میں معاشرتی پابندیوں اور والد کی مخالفت کے باوجود فٹبال کھیلنے کا خواب پورا کرنے کے لیے جدوجہد کرتی ہے۔
فلم کی کہانی ایک معذور فٹبال کوچ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار عائشہ عمر نے ادا کیا ہے، وہ ایک تشدد زدہ ازدواجی زندگی سے نکل کر لیاری واپس آتی ہے اور علاقے کی لڑکیوں کے لیے فٹبال ٹرائلز کا انعقاد کرتی ہے۔
اس دوران افسانہ اور کشمالہ نامی لڑکیاں، جو بالترتیب خاندانی پابندیوں اور جبری شادی سے بچنے کی کوشش کررہی ہوتی ہیں، فٹبال کو اپنے خوابوں کی تعبیر کا ذریعہ بناتی ہیں اور خفیہ طور پر تربیت حاصل کرتی ہیں تاکہ قومی سطح پر کھیلنے کا موقع حاصل کرسکیں۔
ایوارڈ ملنے کے بعد دنانیر مبین نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی فلم میں کردار ادا کرنے پر اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے ناقابل بیان خوشی ہے جو خواتین کی طاقت، حوصلے، ثابت قدمی اور اپنے خواب پورے کرنے کے حق کو اجاگر کرتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ خواتین کی کہانیاں بیان کیا جانا ضروری ہے، خصوصاً ان خواتین کی کہانیاں جو معاشرتی توقعات کو چیلنج کرتی ہیں، رکاوٹیں عبور کرتی ہیں، اپنی آواز بلند کرتی ہیں اور ایسے شعبوں میں جگہ بناتی ہیں جہاں جانے کی انہیں کبھی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔
دنانیر نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں ایسی کہانی کا حصہ بننے کا موقع ملا جو محض تفریح سے بڑھ کر ایک مقصد رکھتی ہے۔ اگر یہ فلم کسی ایک لڑکی کو بھی اپنے خوابوں پر یقین کرنے اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دے سکے تو یہ ایک بامعنی کامیابی ہوگی۔
فلم کے ہدایت کار علی سجاد شاہ نے بھی د نانیر مبین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے، خصوصاً فلم کے پروڈیوسرز وقاص رضوی اور عائشہ عمر کی کاوشیں قابل ذکر ہیں۔
پاکستان نے مسلسل دوسری مرتبہ ایوارڈ جیت لیا
ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کا آغاز 2025 میں ہوا تھا، جن کا انعقاد یوریشین اکیڈمی فار سنیماٹوگرافک آرٹس، روسی وزارت ثقافت کے اشتراک سے کرتی ہے۔
دنانیر مبین کی کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ان ایوارڈز کے دونوں ایڈیشنز میں مسلسل دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کیا ہے۔ گزشتہ سال پاکستانی اداکارہ سونیا حسین نے فلم ”دیمک“ میں بہترین معاون اداکارہ کی کارکردگی پر ایوارڈ جیتا تھا۔
ایوارڈ کے ساتھ 5 ہزار مصنوعی ہیرے بھی شامل
ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈ کی ایک منفرد خصوصیت یہ ہے کہ کامیاب فنکاروں کو 5 ہزار لیبارٹری میں تیار کردہ ہیروں سے مزین خصوصی مجسمہ دیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ روس کے مشرقی علاقے ساخا ریپبلک کی کانوں سے حاصل کیا گیا ہیرا بھی بطور انعام پیش کیا جاتا ہے۔
بہترین فلم کے فاتح کو 10 قیراط جبکہ دیگر ایوارڈ جیتنے والوں کو 5 قیراط کے ہیرے دیے جاتے ہیں۔ منتظمین اور اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے گزشتہ سال کے بیانات کے مطابق صرف چھوٹے ہیروں کی مالیت ہی ڈھائی لاکھ ڈالر سے زیادہ تھی۔
19 ممالک کی 41 فلمیں مقابلے میں شامل تھیں
رواں سال ان ایوارڈز کے لیے 19 ممالک کی 41 فلمیں نامزد کی گئی تھیں۔ بہترین فلم کا اعزاز روسی جنگی فلم ”اگست“ نے حاصل کیا، جس کی ہدایت کاری نکیتا ویسوٹسکی اور الیا لیبیڈیو نے کی۔
دیگر نمایاں کامیابیاں کرغزستان کے ہدایت کار کانی بیک کالماتوف، ایرانی اسکرین رائٹر علیرضا معتمدی اور قازقستان کے اداکار ژاسولان کوپبرگینوف کے حصے میں آئیں۔
دنانیر مبین کا یہ اعزاز پاکستانی فلمی صنعت کے لیے بھی اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے، جس نے بین الاقوامی سطح پر پاکستانی خواتین، ان کے خوابوں اور معاشرتی جدوجہد کی کہانی کو پذیرائی دلائی ہے۔
اداکارہ کا سوشل میڈیا کی ’پاوری گرل‘ سے بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ اداکارہ تک کا سفر
پاکستانی اداکارہ دنانیر مبین کا تعلق پشاور کے ایک پشتون خاندان سے ہے۔ ان کے والد پاک فوج میں بریگیڈیئر کے عہدے پر خدمات انجام دے چکے ہیں، فوجی ماحول میں پرورش پانے والی د نانیر نے ابتدا میں سوشل میڈیا پر اپنی شناخت بنائی اور بعد ازاں شوبز انڈسٹری کا رخ کیا۔
دنانیر مبین کو اصل شہرت فروری 2021 میں اس وقت ملی جب انہوں نے اپنے دوستوں کے ساتھ نتھیا گلی میں بنائی گئی ایک مختصر ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی۔ ویڈیو میں ان کا جملہ ”یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے“ دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر میں وائرل ہوگیا۔
اس ویڈیو پر بھارتی میوزک پروڈیوسر یش راج مکھاٹے نے بھی میوزک تیار کیا، جس کے بعد یہ جملہ سوشل میڈیا کا مقبول ترین ٹرینڈ بن گیا۔ اسی وجہ سے دنانیر کو ”پاوری گرل“ کے نام سے شہرت ملی۔
سوشل میڈیا پر مقبولیت کے بعد دانانیر نے 2021 میں ڈرامہ سیریل ”صنفِ آہن“ سے اداکاری کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے سیدہ سدرہ بتول کا کردار ادا کیا۔ڈرامہ ”صنفِ آہن“ میں اداکاری پر انہیں لکس اسٹائل ایوارڈز میں بہترین ابھرتی ہوئی ٹیلی ویژن اداکارہ کا اعزاز بھی ملا۔
بعد ازاں 2023 میں ڈرامہ ”محبت گمشدہ میری“ میں زوبیہ کے کردار سے انہیں مزید پذیرائی ملی۔ 2024 میں ”ویری فلمی“ اور ”میم سے محبت“ میں بھی اہم کردار ادا کیے۔
2026 میں فلم ”میرا لیاری“ کے ذریعے دنانیر نے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ اس کردار میں ان کی اداکاری کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی اور روس میں منعقد ہونے والے دوسرے اوپن یوریشین فلم ایوارڈز میں انہیں بہترین اداکارہ کا ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈ دیا گیا۔



