پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کی کامیابی کے بعد بھارتی نوجوان کھلاڑیوں کے جشن منانے کے انداز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیت کا جشن خوشی اور وقار کے ساتھ منانا چاہیے، اسے جارحانہ اشاروں اور غیر ضروری تلخی کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ تنازع کا سبب بنا، بھارت کی آخری گیند پر کامیابی کے بعد بھارتی انڈر 19 ٹیم کے بعض کھلاڑی پاکستانی کھلاڑیوں، خصوصاً وکٹ کیپر حمزہ ظہور، کے سامنے جارحانہ انداز میں جشن مناتے اور نامناسب اشارے کرتے دکھائی دیے۔
بھارتی کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے قریب جا کر اشتعال انگیز انداز اپنایا گیا جبکہ بعض کھلاڑی پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم کی جانب جاتے ہوئے بھی اشارے کرتے رہے۔
صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ٹیم کے کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف کو مداخلت کرنا پڑی۔ میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان روایتی مصافحہ بھی نہیں ہوا۔ ان مناظر پر سوشل میڈیا اور پاکستانی کرکٹ حلقوں میں تنقید کی گئی اور اسے کھیل کے جذبے اور اسپورٹس مین اسپرٹ کے منافی قرار دیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں احمد شہزاد نے بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارک باد دی اور پاکستانی انڈر 19 ٹیم کی شاندار مہم اور پورے ٹورنامنٹ میں غیر معمولی کرکٹ کھیلنے کو بھی سراہا۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ کامیابی کا جشن جیت کی خوشی کا اظہار ہونا چاہیے، نہ کہ جارحانہ اشاروں اور غیر ضروری دشمنی کا مظاہرہ۔ یہ نوجوان کھلاڑی ہیں اور انہیں یہ سکھانا ضروری ہے کہ کھیل کی روح محض نتیجے تک محدود نہیں بلکہ اس میں مخالف ٹیم کا احترام بھی شامل ہے۔
Congratulations to India on winning the tournament, and credit to Pakistan U19 for a fantastic campaign and some exceptional cricket throughout.
That said, celebrations should reflect the joy of winning, not turn into gestures of aggression or unnecessary hostility. These are young players, and it’s important we teach them that the spirit of the game goes beyond the result. Unfortunately, the seniors have carried forward certain traditions that need to change. It’s time we evolve, show respect for the opposition and embrace true sportsmanship.
Win with pride, compete with passion, but always respect the game 🏏
#INDu19vsPAKu19
— Ahmad Shahzad 🇵🇰 (@iamAhmadshahzad) November 14, 2026
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سینئر کھلاڑیوں کی بعض روایات نوجوان نسل تک منتقل ہوئی ہیں جنہیں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ کرکٹ میں احترام، برداشت اور حقیقی کھیل کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔
احمد شہزاد نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کامیابی پر فخر کریں، جذبے کے ساتھ مقابلہ کریں لیکن ہمیشہ کھیل اور اپنے حریف کا احترام کریں۔
فائنل کے بعد بھارتی کھلاڑیوں کے جشن پر تنقید
واضح رہے کہ 14 نومبر کو عمان کے شہر العامرات میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز بنائے تھے، جس میں عثمان خان کی 107 رنز کی سنچری نمایاں رہی، جبکہ بھارت نے 338 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا۔
بھارتی ٹیم کی کامیابی کے بعد میدان میں جشن کے دوران بعض کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے جارحانہ اور نامناسب اشارے کیے جانے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگیں، جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے تنقید کی گئی۔
احمد شہزاد کا بیان بھی اسی تناظر میں سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے نوجوان کرکٹرز کو کھیل کے وقار، مخالف ٹیم کے احترام اور اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دینے کا پیغام دیا ہے۔



