معروف بھارتی اداکار ارجن بجلانی اور ان کی اہلیہ نہا سوامی بجلانی نے پیغمبرِ اسلام ﷺ سے متعلق تحریر والی ٹی شرٹ کے معاملے پر وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔
بیان میں ارجن بجلانی اور نہا سوامی نے کہا کہ نہا سوامی ٹی شرٹ پر درج عبارت کے معنی اور اہمیت سے مکمل طور پر ناواقف تھیں اور اسے پہننے کے پیچھے کسی کی دل آزاری، بے احترامی یا مذہبی جذبات مجروح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
ان کے بیان کے مطابق ٹی شرٹ انہیں بنکاک میں ایک مال کے باہر موجود مداح نے تحفے میں دی تھی اور انہیں اس پر لکھی عبارت کے مفہوم کا علم نہیں تھا۔
ارجن بجلانی اور ان کی اہلیہ نے کہا کہ وہ تمام مذاہب، عقائد اور مذہبی شخصیات کا احترام کرتے ہیں اور جان بوجھ کر کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
انہوں نے مذہبی معاملے پر لوگوں کے جذبات کو قابلِ فہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گالم گلوچ، دھمکیاں اور ذاتی حملے افسوس ناک اور ناقابلِ قبول ہیں۔ ان کے مطابق، لاعلمی کی بنیاد پر پیدا ہونے والی صورتِ حال کو کسی فرد کو آن لائن ہراساں کرنے یا دھمکیاں دینے کا جواز نہیں بنانا چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ اس غیر ارادی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور مستقبل میں تحائف وصول کرتے وقت زیادہ احتیاط برتیں گے۔
We sincerely apologise. ❤️ https://t.co/092cdOzZgI
— Arjun Bijlani (@Thearjunbijlani) October 14, 2026
آخر میں دونوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ معاملے کو سمجھ بوجھ، حساسیت اور ہمدردی کے ساتھ دیکھا جائے اور نہا سوامی یا ان کے خاندان کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ گالم گلوچ اور دھمکیوں کے بجائے باہمی احترام اور مکالمہ زیادہ تعمیری راستہ ہے۔
مذہبی عبارت کے باعث سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہو گیا
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی ٹی وی اداکار ارجن بجلانی کی اہلیہ نہا سوامی بجلانی کی ایک ٹی شرٹ پر درج مذہبی عبارت کے باعث سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہو گیا، جس کے بعد دونوں میاں بیوی نے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے غیر ارادی طور پر مذہبی جذبات مجروح ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نہا سوامی اپنے شوہر اور بیٹے کے ہمراہ ایک تقریب میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے ایسی ٹی شرٹ پہن رکھی تھی جس پر کارٹون کی تصویر کے ساتھ مذہبی عبارت درج تھی۔ ٹی شرٹ کی تصاویر اور ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد متعدد صارفین نے مذہبی عبارت کو لباس پر چھاپنے اور اس انداز میں استعمال کرنے پر اعتراض کیا۔
معاملے نے اس وقت مزید توجہ حاصل کی جب پاکستانی اداکارہ مشی خان نے بھی سوشل میڈیا پر اس لباس پر تنقید کی اور نہا سوامی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ بعض صارفین نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
دوسری جانب ارجن بجلانی اور ان کی اہلیہ نے ٹی شرٹ کے معاملے میں لاعلمی کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے افسوس ظاہر کیا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر تنقید کے ساتھ ان کے خلاف ہراسانی اور دھمکیوں کی بھی مذمت کی ہے۔



