دنیا کی سب سے بڑی چِپ ساز کمپنی این ویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ ایک ایسے تنازع کی زد میں آگئے ہیں جس نے امریکی ٹیکنالوجی اور قومی سلامتی کے حلقوں میں نئے سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
ایک چینی کاروباری خاتون سے مبینہ قریبی تعلق اور چین کو معلومات فراہم کرنے کے الزامات کے بعد کمپنی کے بورڈ نے ہوانگ کے خلاف غیر ملکی انٹیلی جنس سرگرمیوں سے ممکنہ تعلق کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ کمپنی کے حصص کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور چین کے درمیان جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس ٹیکنالوجی تک رسائی کے معاملے پر کشیدگی جاری ہے۔ امریکا نے 2022 سے چین کو جدید اے آئی چِپس اور انہیں تیار کرنے کے آلات کی فراہمی محدود کر رکھی ہے جبکہ امریکی حکام سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی اس شبہ میں تحقیقات کرچکے ہیں کہ اس نے چین کو پابندیوں کے باوجود این ویڈیا کی جدید چِپس تک رسائی دلانے میں مدد دی۔ میگاسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ کو امریکی حکام نے چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا اور نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ماہ ان کے جینسن ہوانگ سے قریبی تعلقات کی خبر دی تھی۔
معاملہ شروع کہاں سے ہوا؟
رائٹرز کے مطابق نیویارک ٹائمز نے گزشتہ ماہ رپورٹ کیا تھا کہ جینسن ہوانگ کے ایلس ہوانگ نامی خاتون سے تعلقات تھے جو سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو رہ چکی ہیں۔ امریکی حکام نے ایلس ہوانگ کی تحقیقات کی تھیں اور انہیں چینی انٹیلی جنس کا اثاثہ قرار دیا تھا۔
میگاسپیڈ این ویڈیا سے مصنوعی ذہانت کے لیے چِپس خریدتی ہے۔ امریکی حکام اس کمپنی کی بھی اس شبہ میں جانچ کر چکے ہیں کہ اس نے بیجنگ کو ایسی جدید اے آئی چِپس تک رسائی حاصل کرنے میں مدد دی جن کی چین کو ترسیل پر امریکی پابندیاں عائد ہیں۔
ہوانگ کا اعتراف اور کمپنی کی تحقیقات
رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنے اقدامات کی مکمل ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ ان کے عمل سے اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی جس پر وہ معذرت خواہ ہیں۔
اس پیش رفت کے بعد این ویڈیا کے بورڈ نے آزاد ڈائریکٹرز پر مشتمل کمیٹی کے ذریعے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں بیرونی آزاد قانونی مشیر بھی معاونت کریں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے ظاہر ہو کہ امریکی قومی سلامتی یا این ویڈیا کے تجارتی رازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ہوانگ نے بھی تحقیقات میں مکمل تعاون اور کمپنی کی قیادت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
این ویڈیا اور اس کے سربراہ کی اہمیت کیا ہے؟
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق 63 سالہ جینسن ہوانگ نے 1993 میں کرس ملاکوسکی اور کرٹس پریم کے ساتھ مل کر این ویڈیا کی بنیاد رکھی تھی اور تب سے وہ کمپنی کی قیادت کر رہے ہیں۔

کمپنی ابتدا میں ویڈیو گیمز کے گرافکس کے لیے چِپس تیار کرتی تھی تاہم ہوانگ کی قیادت میں اس نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی اور آج اے آئی پروسیسرز کی دنیا کی نمایاں ترین فراہم کنندہ بن چکی ہے۔
رائٹرز کے مطابق 2022 کے اواخر میں چیٹ جی پی ٹی متعارف ہونے کے وقت این ویڈیا کی چِپس پہلے ہی مصنوعی ذہانت کی کمپیوٹنگ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے لیے اہم مقام حاصل کرچکی تھیں۔ کمپنی کی مارکیٹ ویلیو نومبر 2022 میں تقریباً 420 ارب ڈالر تھی جو 6 نومبر 2026 تک بڑھ کر 4.5 ٹریلین ڈالر ہوگئی تھی۔
امریکی کانگریس بھی متحرک ہوگئی
یہ معاملہ اب امریکی کانگریس تک بھی پہنچ چکا ہے۔ رائٹرز کے مطابق ایوان نمائندگان کی اہم کمیٹیوں کے ری پبلکن سربراہان نے 4 نومبر کو جینسن ہوانگ کو خط لکھ کر رواں ماہ کانگریس کو بریفنگ دینے کے لیے طلب کیا ہے۔
خط میں ان سے 18 نومبر کو بند کمرے میں ہونے والی بریفنگ کے دوران چینی خاتون سے مبینہ تعلق، امریکی قومی سلامتی کو ممکنہ خطرات اور غیر ملکی جاسوسی سے بچاؤ کے لیے این ویڈیا کے سکیورٹی نظام سے متعلق سوالات کے جواب دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

این ویڈیا نے اس خط پر تبصرہ نہیں کیا تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ ہوانگ ہر سال ہزاروں صارفین کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہیں اور ایشیا میں کلاؤڈ سروسز فراہم کرنے والے صارفین کو معمول کی کاروباری معلومات دی جاتی ہیں نہ کہ کمپنی کے حساس تجارتی راز یا امریکی قومی سلامتی سے متعلق معلومات۔
کمپنی نے مزید کہا کہ اسے امریکی حکومت کی جانب سے مشتبہ افراد اور اداروں کے بارے میں معلومات ملتی رہتی ہیں اور وہ اس کے مطابق کارروائی کرتی ہے۔
چین نے جاسوسی کا بیانیہ مسترد کردیا
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو بیجنگ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چینی جاسوسی کے بیانیے کو بے بنیاد قرار دیا۔ رائٹرز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ چین سے متعلق جاسوسی کا یہ بیانیہ محض بے بنیاد الزام، بہتان اور کردار کشی ہے۔
ٹرمپ، ایلون مسک اور معروف سرمایہ کاروں کا ردعمل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو میں جینسن ہوانگ کو قابلِ احترام شخص قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ان سے الزامات کے بارے میں بات نہیں کی۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہوانگ نے امریکا کے لیے غیر معمولی کام کیا ہے اور ممکن ہے کہ ان کے پاس اپنی وضاحت ہو، اس لیے ان کی بات بھی سنی جانی چاہیے۔

رائٹرز کے مطابق نیویارک ٹائمز نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ کو تقریباً ایک سال پہلے انٹیلی جنس معلومات سے آگاہ کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔ ٹرمپ نے اس حوالے سے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ انہیں کارروائی کرنی چاہیے تھی۔
ارب پتی سرمایہ کار اور پرشنگ اسکوائر کے سربراہ بل ایکمین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ہوانگ بھی ایک انسان ہیں اور ایک غیر معمولی انسان ہیں۔ غیر معمولی انسانوں سے بھی غلطیاں ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے اپنی غلطی کی پوری ذمہ داری قبول کی ہے، جیسا کہ انہیں کرنا چاہیے تھا۔ ہم سب کو ان کی اور ان کے خاندان کی حمایت کرنی چاہیے۔ آگے بڑھتے ہیں۔
An alert:
@JensenHuang is human. And he is an incredible human. Even incredible humans make mistakes.
He takes full responsibility as he should.
We should all support him and his family.
Onward.
— Bill Ackman (@BillAckman) November 8, 2026
ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے بھی اس معاملے پر ردعمل دیا اور ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے اتفاق کیا جس میں ہوانگ کے طرزعمل کو امریکا کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا تھا تاہم انہیں امریکی مصنوعی ذہانت کی قیادت کے لیے اہم شخصیت بھی کہا گیا تھا۔
این ویڈیا کے حصص کو کتنا نقصان ہوا؟
تحقیقات کی خبر سامنے آنے کے بعد این ویڈیا کے حصص پر بھی دباؤ بڑھ گیا۔ رائٹرز کے مطابق پیر کو فرینکفرٹ میں کمپنی کے حصص کی قیمت 6 فیصد سے زیادہ گر گئی جس سے جمعہ کی اختتامی قیمت کے مقابلے میں کمپنی کی مارکیٹ ویلیو کو تقریباً 270 ارب ڈالر کے نقصان کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
واضح رہے کہ این ویڈیا کے سربراہ کے خلاف تحقیقات ایسے وقت شروع ہوئی ہیں جب سرمایہ کار پہلے ہی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں بھاری سرمایہ کاری کے مستقبل اور اس سے حاصل ہونے والے منافع کے حوالے سے خدشات کا شکار ہیں۔ رائٹرز کے مطابق کمپنی کے حصص اس سال اپنی تمام تر سابقہ بڑھوتری کھو چکے تھے۔
جنوبی کوریا میں ہوانگ کی بیٹی کا دورہ منسوخ
اس تنازع کے اثرات جنوبی کوریا تک بھی پہنچے جہاں جینسن ہوانگ کی بیٹی اور این ویڈیا کی ایگزیکٹو میڈیسن ہوانگ نے سیول کا طے شدہ دورہ منسوخ کردیا۔
رائٹرز کے مطابق میڈیسن ہوانگ نے جنوبی کوریا کے اے آئی اسٹارٹ اپ ریبیلیئنز کا دورہ کرنا تھا اور کاکاؤ موبیلٹی کے ساتھ سوال و جواب کی نشست میں شرکت کرنی تھی۔ ریبیلیئنز نے کہا کہ یہ سرگرمیاں این ویڈیا کے اندرونی ناگزیر حالات کے باعث منسوخ کی گئیں۔
تاہم سیول میں این ویڈیا اے آئی ڈے کی 2 روزہ تقریب طے شدہ پروگرام کے مطابق جاری رہنے کی توقع ہے جس میں تقریباً 2 ہزار افراد کی شرکت متوقع تھی۔
عالمی چِپ انڈسٹری پر کیا اثر پڑ سکتا ہے؟
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر تحقیقات طویل ہوئیں تو این ویڈیا کے سرمایہ کاری فیصلوں اور نئی مصنوعات کے اجرا میں تاخیر ہوسکتی ہے جس کے اثرات سیمی کنڈکٹر انڈسٹری تک پہنچ سکتے ہیں۔
جنوبی کوریا کے این ایچ انویسٹمنٹ اینڈ سکیورٹیز کے سینئر تجزیہ کار ریو ینگ ہو کے مطابق این ویڈیا کے حریف ادارے ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز (اے ایم ڈی) مختصر مدت میں زیادہ توجہ حاصل کرسکتے ہیں جس سے اے ایم ڈی کے ساتھ قریبی کاروباری تعلقات رکھنے والی سام سنگ بھی نمایاں ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ویڈیا کی مصنوعات کا متبادل تلاش کرنا آسان نہیں تاہم حالات کے مطابق چین کو چِپس کی ترسیل میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے نائب وزیر سائنس نے کہا ہے کہ انہیں این ویڈیا کے گرافکس پروسیسنگ یونٹس کی پہلے سے طے شدہ ترسیل متاثر ہونے کی توقع نہیں۔
رائٹرز کے مطابق این ویڈیا کے اہم ایشیائی چِپ سپلائرز ٹی ایس ایم سی، سام سنگ الیکٹرانکس اور ایس کے ہائنکس کے حصص میں پیر کو اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا۔ ٹی ایس ایم سی کے حصص 6.5 فیصد جبکہ سام سنگ کے 2.9 فیصد اور ایس کے ہائنکس کے 4.7 فیصد بڑھے۔
چین کو اے آئی چِپس کی فراہمی پر امریکی پابندیاں
رائٹرز کے مطابق امریکا نے 2022 سے چین کو جدید مصنوعی ذہانت کی چِپس اور انہیں تیار کرنے کے لیے درکار آلات کی فراہمی محدود کرنے کے لیے برآمدی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ یہ پابندیاں دونوں ملکوں کے درمیان جدید ٹیکنالوجی کی برتری کی کشمکش کا اہم حصہ ہیں۔
این ویڈیا کے سربراہ سے متعلق تحقیقات نے اس معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے کیونکہ کمپنی کی چِپس مصنوعی ذہانت کی صنعت میں مرکزی اہمیت رکھتی ہیں۔ اگر تحقیقات کے نتیجے میں کمپنی کے کاروباری فیصلوں یا نئی مصنوعات کے اجرا میں تاخیر ہوتی ہے تو اس کے اثرات صرف این ویڈیا تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عالمی سیمی کنڈکٹر صنعت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ تاہم کمپنی کے بورڈ کا کہنا ہے کہ اسے امریکی قومی سلامتی یا تجارتی رازوں کو نقصان پہنچنے کا کوئی سبب نظر نہیں آتا اور تحقیقات جاری ہیں۔
