آسٹریلیا کے سابق اوپننگ بیٹر ڈیوڈ وارنر نے سابق ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ کے 2018 کے مشہور بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق دعوؤں کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان 100 فیصد درست ہے اور اب حقیقت سب کے سامنے آگئی ہے۔
مارچ 2018 میں جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی ٹیم بال ٹیمپرنگ کے ایک بڑے تنازع میں پھنس گئی تھی۔میچ کے دوران آسٹریلوی اوپنر کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر کے ذریعے گیند کی سطح خراب کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کیمرے کی آنکھ نے پکڑ لیا تھا۔
اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کرکٹ کی دنیا میں ہنگامہ برپا ہوگیا تھا اور آسٹریلوی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔بعد ازاں آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی تحقیقات میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔
اسٹیو اسمتھ سے کپتانی واپس لے لی گئی اور انہیں ایک سال کے لیے کرکٹ سے معطل کردیا گیا تھا۔ ڈیوڈ وارنر کو بھی ایک سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا اور ان سے تمام قیادتی ذمہ داریاں واپس لے لی گئی تھیں، جبکہ کیمرون بینکرافٹ پر 9 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
ڈیوڈ وارنر نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے بیان میں کہا کہ اس موضوع پر بات کیے انہیں آٹھ سال گزر چکے ہیں تاہم وہ اپنے سابق ساتھی اور قریبی دوست عثمان خواجہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وارنر کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ نے جو کچھ کہا ہے وہ بالکل درست ہے، وہ ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے حقیقت بیان کرنے کی ہمت دکھائی۔
عثمان خواجہ کا بڑا دعویٰ، پوری ٹیم کو اسکینڈل کا علم تھا
عثمان خواجہ نے ہفتے کے روز 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل پر ایک بار پھر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گیند کی حالت خراب کرنے کے منصوبے سے صرف بیٹرز نہیں بلکہ پوری آسٹریلوی ٹیم، بولرز اور ٹیم اسٹاف بھی آگاہ تھے۔
خواجہ نے کہا تھا کہ اس معاملے میں ہم سب شامل تھے، صرف بیٹرز، بولرز یا اسٹاف نہیں بلکہ پوری ٹیم کو اس منصوبے کا علم تھا۔
عثمان خواجہ کی خودنوشت سوانح عمری رواں ہفتے شائع ہونے والی ہے، جس میں اس اسکینڈل کے حوالے سے ایک مکمل باب بھی شامل کیا گیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی تحقیقات پر وارنر کے سوالات
ڈیوڈ وارنر نے کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کی جانے والی ابتدائی تحقیقات پر بھی سخت تنقید کی اور اسے جلد بازی میں کی گئی اور ناقص تحقیقات قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عثمان خواجہ اس وقت کیمرون بینکرافٹ کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے، لیکن تحقیقات کے دوران ان کا انٹرویو تک نہیں کیا گیا۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ اسے مکمل اور جامع تحقیقات کیسے کہا جاسکتا ہے۔
وارنر نے مزید کہا کہ یہ معاملہ پرانے زخم دوبارہ کھولنے کا نہیں بلکہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے کا ہے کہ بعض زخم وقت گزرنے کے باوجود نہیں بھرتے۔
ان کے مطابق سچ بولنے کے لیے ہمت درکار ہوتی ہے، خصوصاً اس وقت جب لوگ چاہتے ہوں کہ آپ خاموش رہیں۔ وقت گزرنے کا مطلب یہ نہیں کہ احتساب کی ضرورت ختم ہوگئی ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا اپنے سابقہ مؤقف پر قائم
دوسری جانب کرکٹ آسٹریلیا نے عثمان خواجہ کے دعوے کے بعد اپنے سابقہ مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی تحقیقات کے نتائج پر اب بھی مطمئن ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی ابتدائی تحقیقات میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کے منصوبے سے صرف اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ آگاہ تھے۔
آسٹریلوی فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور اسپنر نیتھن لائن بھی 2021 میں عوامی طور پر اس بات کی تردید کرچکے ہیں کہ انہیں اس منصوبے کا علم تھا۔
اس وقت کے ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے بھی ہفتے کے روز اس دعوے کی تردید کی کہ ٹیم کے دیگر ارکان کو اس معاملے کا پہلے سے علم تھا۔
عثمان خواجہ کا مؤقف: تین کھلاڑیوں نے سب کا الزام اپنے سر لیا
عثمان خواجہ نے اس واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ نے پوری ٹیم کا الزام اپنے سر لے لیا تھا۔
ان کے مطابق ان تینوں کھلاڑیوں کو عوامی سطح پر شدید ذلت، تنقید اور مخالف تماشائیوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ انہیں دھوکے باز بھی کہا گیا۔
خواجہ کا کہنا تھا کہ یہ تینوں کھلاڑی اس تنازع کے متاثرین بنے اور انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑی۔
وارنر کا کہنا ہے کہ آٹھ سال ان کے خاندان کے لیے مشکل رہے
ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سال ان کے خاندان، اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بینکرافٹ کے لیے انتہائی مشکل رہے ہیں تاہم اب وہ سمجھتے ہیں کہ جو حقیقت سامنے آنی چاہیے تھی وہ سامنے آگئی ہے۔
واضح رہے کہ ڈیوڈ وارنر 2024 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ عثمان خواجہ نے بھی رواں سال بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہا ہے۔
اس تازہ بیان کے بعد 2018 کا سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل ایک مرتبہ پھر عالمی کرکٹ میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔



