پاکستان کی معروف فلمی اداکارہ میرا کی چھوٹی بہن شائستہ عباس کینسر کے عارضے کے باعث لندن میں انتقال کر گئیں۔ ان کی تدفین لندن میں کی جائے گی۔
اداکارہ میرا نے چند ہفتے قبل انسٹا گرام پر جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے اپنی بیمار بہن سے ملاقات کے لیے برطانوی حکومت سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزا جاری کرنے کی درخواست کی تھی۔
شائستہ کی بیماری کے دوران ان کی بہن اقصیٰ عباس، والدہ شفقت زہرا بخاری اور بھائی ان کے ساتھ موجود رہے۔
میرا نے انسٹاگرام پر متعدد پیغامات میں شائستہ کو اپنی طاقت، فخر اور حوصلہ قرار دیا تھا۔ وہ اپنی بہن کی ذہانت، محنت اور زندگی میں آگے بڑھنے کے جذبے کو بھی سراہتی رہی تھیں۔
نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے میرا نے تصدیق کی ہے کہ شائستہ کئی برس تک کینسر کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد لندن کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئیں۔
اداکارہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہن کی بگڑتی ہوئی صحت کے پیشِ نظر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر درخواستوں سمیت متعدد بار اپیل کرنے کے باوجود برطانوی ہائی کمیشن نے مجھے ویزا جاری نہیں کیا۔
میرا اور شائستہ کی ایک اور بہن اقصیٰ عباس، جو یورپ میں مقیم ہیں، نے بتایا کہ شائستہ گزشتہ 2 ماہ سے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔ اس سے قبل بھی تقریباً ایک سال تک شائستہ کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں بار بار اسپتال میں داخل کیا جاتا رہا اور صحت میں بہتری پر گھر بھیج دیا جاتا تھا۔
شائستہ عباس کی ایک کمسن بیٹی ہے۔ ان کے انتقال کے بعد میرا نے اپنی بھانجی کو گود لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
شائستہ عباس کے انتقال پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے تعزیت کی ہے۔



