ایران نے آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحالی کے معاملے کو امریکی اقدامات سے مشروط قرار دے دیا، جبکہ قومی مفادات پر کوئی سمجھوتا نہ کرنے کا بھی دوبارہ اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دو روزہ امن منصوبہ بدستور موجود ہے اور خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کے قیام کے لیے یہ سب سے معقول راستہ ہے۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اس تجویز کے حوالے سے فیصلہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے مجوزہ منصوبے میں تہران کے بنیادی مطالبات شامل ہیں، جن میں تمام محاذوں پر جنگ کا خاتمہ، ناکہ بندیوں اور پابندیوں کا خاتمہ سرفہرست ہیں۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران نے اپنی نیک نیتی کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر دوسرے فریق میں ضروری سیاسی عزم موجود ہو تو اس منصوبے پر دو روز کے اندر عمل درآمد ممکن ہے۔
🚨 🇮🇷🇺🇸 IRAN MOCKS CENTCOM COMMANDER!
iranian foreign ministry spokesman dr. esmaeil baghaei ridicules U.S. military leadership over operation iron gate,
#Iran #USMilitary #CENTCOM #MiddleEast https://t.co/RQkYY9rxCX
— Iran Letest News (@IranLetest_News) November 9, 2026
اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز میں سکیورٹی کی خراب صورتحال کے ذمہ داری امریکا اور اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے خواہش مند بحری جہازوں کو متعلقہ ایرانی حکام کے ساتھ رابطہ کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی اقدامات جاری رہنے کی صورت میں اس اہم آبی گزرگاہ میں سکیورٹی بحال نہیں ہو سکے گی۔
غزہ اور لبنان کی صورت حال
غزہ اور لبنان میں جاری جنگوں کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی ترجمان نے کہا کہ ادویات اور انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹوں کے باعث غزہ کی انسانی صورت حال مزید خراب ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امدادی خوراک کے 600 ٹرکوں میں سے صرف 22 کو غزہ میں داخلے کی اجازت دی گئی۔
انہوں نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری رہنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اقوام متحدہ اس معاملے پر مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے، جس کی وجہ انہوں نے امریکی دباؤ کو قرار دیا۔
امریکی انتخابات اور خطے میں امریکی منصوبے
امریکی انتخابات سے متعلق سوال پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران کے نقطہ نظر سے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک جماعتوں میں کوئی بنیادی فرق نہیں، کیونکہ دونوں کی جانب سے ایران کے خلاف مسلسل مخالفانہ رویہ اختیار کیا جاتا رہا ہے۔
انہوں نے امریکی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اپنے عوام کے پیغام کو سمجھے اور اسرائیل کے مطالبات تسلیم کرنے کے نتائج پر غور کرے۔
بقائی نے آرمینیا میں ”ٹی آر آئی پی“ منصوبے کے تحت کسی بھی امریکی فوجی موجودگی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے نتیجے میں خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورت حال تبدیل نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے امریکی منصوبے ”آئرن گیٹ“ کو بھی ناکامی سے دوچار ہونے والا منصوبہ قرار دیا۔
جوہری پروگرام اور عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی سے تعاون
ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسماعیل بقائی نے کہا کہ تہران نے جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) کے تحت اپنی ذمہ داریاں معطل نہیں کیں، تاہم جارح فریقوں کی جانب سے پیدا کردہ حالات کے باعث ان ذمہ داریوں کو معمول کے مطابق پورا کرنا ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ ایران عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے ساتھ پیشہ ورانہ بنیادوں پر رابطے اور تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔
یمن میں ایرانی مداخلت کے الزامات مسترد
یمن میں ایرانی مداخلت کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اگر ایرانی مداخلت سے مراد مظلوموں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنا یا جرائم اور قتل عام کی مذمت کرنا ہے تو شاید اسے مداخلت کہا جا سکتا ہے، تاہم حقیقت میں یہ مداخلت کے زمرے میں نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا مسلسل مؤقف رہا ہے کہ سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازع کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔ اور اس کے لیے ضروری ہے کہ حملے بند کرتے ہوئے یمن کی علاقائی سالمیت کا احترام کیا جائے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ یمنی بچوں اور خواتین پر حملوں کی تصاویر سامنے آتی رہی ہیں اور یمن کے بنیادی ڈھانچے کو بارہا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس لیے ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے جنوبی کوریا پر بھی زور دیا کہ وہ ایسے کسی اقدام سے گریز کرے جس سے آبنائے ہرمز کی صورت حال مزید پیچیدہ ہو۔
پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا
اسماعیل بقائی نے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان کی ثالثی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرونی دباؤ کو تہران اور بغداد کے باہمی تعلقات پر اثر انداز نہیں ہونے دینا چاہیے۔



