بنگلا دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کی وطن واپسی کے لیے پاسپورٹ اور سفری دستاویزات کے حصول کی درخواست مسترد کر دی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق بنگلا دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے پیر کو بھارت میں جلاوطنی کے دوران اپنے ملک واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست دی تھی۔
شیخ حسینہ کی جانب سے 2024 میں بنگلا دیش چھوڑنے کے بعد یہ اپنی نوعیت کا پہلا باضابطہ رابطہ تھا۔
بنگلا دیشی حکومت نے شیخ حسینہ واجد کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کسی دہشت گرد کو پاسپورٹ جاری نہیں کرتا۔
وزیر مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ حسینہ کو مفرور مجرم قرار دیا اور کہا کہ بھارت کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان حوالگی کا باقاعدہ معاہدہ موجود ہے، اس لیے ڈھاکا چاہتا ہے کہ انہیں بنگلا دیش کے حوالے کیا جائے۔
انہوں ںے استفسار کیا کہ کیا ہم انہیں ایک عام سیاح کی طرح سمجھیں کہ وہ آئیں اور اپنے سسرالی رشتہ داروں کے گھر قیام کریں؟
واضح رہے کہ شیخ حسینہ نے دو سال سے زائد عرصے بعد بنگلا دیش واپسی کا ارادہ ظاہر کیا۔ جبکہ حکومت کی جانب سے ان کی جماعت عوام لیگ پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
معزول وزیراعظم کا رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ عدالت میں پیش ہو کر خود کو قانون کے حوالے کرنے کے لیے بنگلا دیش جانا چاہتی ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی جنگی جرائم کی عدالت نے گزشتہ سال نومبر میں طلبہ کی قیادت میں ہونے والی تحریک کے دوران مظاہرین کے خلاف مہلک کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے الزام میں ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ تاہم شیخ حسینہ جلاوطنی کے دوران اپنے خلاف الزامات مسترد کرتی رہی ہیں۔
پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے لیے قانونی درخواست
لندن میں قائم قانونی ادارے میٹرکس چیمبرز سے تعلق رکھنے والے شیخ حسینہ کے وکلا نے نئی دہلی میں بنگلا دیشی سفارت خانے کی قائم مقام ہائی کمشنر پریتی رحمان کو خط لکھ کر نئے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے اجرا کی درخواست کی تھی۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عبوری حکومت اور دیگر حکام کی جانب سے شیخ حسینہ کا سابقہ بنگلا دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ منسوخ کیے جانے کی اطلاعات ہیں، اس لیے ان کی مؤکلہ کے لیے نئے سفری دستاویزات اور شناختی کارڈ جاری کرنے کے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
وکلاء نے درخواست کی تھی کہ شیخ حسینہ کی بنگلا دیشی شہریت اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے معاہدوں کے تحت حاصل حقوق کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواست پر جلد کارروائی کی جائے۔
رواں سال اپریل میں بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ بنگلا دیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ لے رہے ہیں اور نئی حکومت کے ساتھ تعمیری روابط اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہاں ہیں۔
شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ ان کی اقتدار سے بے دخلی سے قبل بنگلا دیش کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی، تاہم بعد ازاں اس پر پابندی عائد کردی گئی۔ جس کے بعد اب جماعت کے متعدد رہنما جیلوں میں ہیں، جبکہ کئی دیگر بھارت یا دوسرے ممالک میں جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ شیخ حسینہ مختلف ادوار میں مجموعی طور پر 20 سال تک بنگلا دیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں اور آج بھی ملک کے بعض حلقوں میں انہیں حمایت حاصل ہے۔
سابق بنگلا دیشی وزیراعظم کو کرپشن اور احتجاج کرنے والے مظاہرین کے قتل سمیت متعدد الزامات کا سامنا ہے۔ ان کی وطن واپسی اور قانونی کارروائی کے حوالے سے بنگلا دیش اور بھارت کے درمیان معاملہ اہم سفارتی پیش رفت کی صورت اختیار کرچکا ہے۔



