گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں امن کا قیام ان کی پہلی ترجیح ہے، دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے تمام صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا کی زیر صدارت 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کونسل کے تمام ارکان کو مبارکباد دی اور کہا کہ وفاقی حکومت نے نظام کی بہتری کے لیے ان پر اعتماد کیا ہے، تاہم انہیں متعدد چیلنجز کا سامنا بھی ہو گا۔
وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کے بعد 11 رکنی مشاورتی کونسل اور دہشت گردی سے متاثرہ 12 اضلاع کی نگرانی کے لیے الگ انتظامی سیکریٹریٹ تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا جس کا بعد ازاں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کی ہے، اور اب وقت آگیا ہے کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنایا جائے۔ ہماری جنگ دہشتگردی کے خلاف ہے اور سب سے پہلے امن ضروری ہے، اس کے بعد دیگر معاملات پر توجہ دی جا سکتی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاست کا عزم ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام یقینی بنایا جائے اور عوام کو دہشت گردی سے نجات دلائی جائے۔ غیر معمولی اقدامات کا مقصد قانون کی عملداری یقینی بنانا اور دہشتگردی کا خاتمہ ہے، جبکہ تمام ریاستی اقدامات آئین اور قانون کے مطابق کیے جائیں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہوگی اور نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد ترجیحات میں شامل ہے۔ جو شخص غیر قانونی اقدام کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہو گی، تاہم قانون کے دائرے میں رہنے والے ہر شخص کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا وسائل سے مالامال صوبہ ہے اور امن و امان کی صورت حال بہتر ہونے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور جہاں محرومی ہے، وہاں ریاست کو زیادہ توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ انہیں تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرے۔ مشکلات زیادہ ہیں، لیکن ہمارا عزم مشکلات سے بڑا ہے۔ ان شاء اللہ خیبرپختونخوا دوبارہ امن اور خوشحالی کی طرف بڑھے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام دستیاب صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور اس سرزمین کو امن اور ترقی کی سرزمین بنایا جائے گا۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق کل ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوگا، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورت حال اور متعلقہ امور پر پیش رفت اہمیت کی حامل ہوگی۔



