ہالی ووڈ کی معروف اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ایوا میری سینٹ 102 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
اداکارہ نے منگل کے روز لاس اینجلس میں واقع اپنے گھر میں اہل خانہ اور عزیزوں کی موجودگی میں آخری سانس لی۔
ایوا میری سینٹ کے نمائندے جیف سینڈرسن کے مطابق اداکارہ کا انتقال طبعی وجوہات کے باعث ہوا۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ہالی ووڈ اور عالمی فلمی دنیا میں سوگ کی فضا پھیل گئی، جبکہ مداحوں اور فلمی حلقوں کی جانب سے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پہلی ہی فلم میں آسکر ایوارڈ اپنے نام کیا
ایوا میری سینٹ نے 1954ء میں ریلیز ہونے والی فلم ‘آن دی واٹر فرنٹ’ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا۔ یہ ان کے کیریئر کی پہلی فلم تھی اور اسی فلم میں شاندار اداکاری پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ دیا گیا۔
فلم ‘آن دی واٹر فرنٹ’ میں ایوا میری سینٹ نے ہالی ووڈ کے معروف اداکار مارلن برانڈو کے ساتھ اداکاری کی تھی۔
پہلی ہی فلم میں آسکر ایوارڈ حاصل کرنا ان کے کامیاب فلمی سفر کی ابتدا ثابت ہوا اور انہوں نے جلد ہی ہالی ووڈ کی نمایاں اداکاراؤں میں اپنی جگہ بنالی۔
ہچکاک کی فلم میں بھی یادگار کردار
ایوا میری سینٹ کے کیریئر کی ایک اور یادگار فلم معروف ہدایت کار الفریڈ ہچکاک کی 1959ء میں ریلیز ہونے والی تھرلر فلم ‘نارتھ بائی نارتھ ویسٹ’ تھی۔
اس فلم میں انہوں نے معروف اداکار کیری گرانٹ کے مدِمقابل ایک جاسوس کا کردار ادا کیا، فلمی کیریئر کے دوران ایوا میری سینٹ نے ہالی ووڈ کے کئی بڑے ناموں کے ساتھ کام کیا۔
سات دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں انہوں نے پال نیومین، وارن بیٹی اور دیگر معروف اداکاروں کے ساتھ اداکاری کی اور مختلف نوعیت کے کرداروں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ٹیلی ویژن پر بھی نمایاں کامیابیاں
ایوا میری سینٹ نے صرف فلمی دنیا تک خود کو محدود نہیں رکھا بلکہ ٹیلی ویژن پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ 1990ء میں ٹی وی شو ‘پیپل لائک اَس’ میں اپنی اداکاری کے باعث انہوں نے ایمی ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔
اداکارہ بڑھتی ہوئی عمر کے باوجود شوبز سے وابستہ رہیں اور اپنی فنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔

انہوں نے بعد کے برسوں میں بھی مختلف فلموں میں اداکاری کی، جن میں ‘سپرمین ریٹرنز’ اور ‘ونٹرز ٹیل’ شامل ہیں۔ انہیں آخری مرتبہ 2019ء کی فلم ‘میریئٹ اِن ایکسٹیسی’ میں دیکھا گیا۔
تقریباً 65 برس کی ازدواجی رفاقت
ایوا میری سینٹ کی نجی زندگی بھی طویل رفاقت پر مشتمل رہی۔ ان کی شادی ٹی وی ڈائریکٹر جیفری ہیڈن سے ہوئی تھی اور دونوں تقریباً 65 برس تک ازدواجی زندگی میں ایک دوسرے کے ساتھ رہے۔

ان کے شوہر جیفری ہیڈن 2016ء میں انتقال کر گئے تھے۔ ایوا میری سینٹ اور جیفری ہیڈن کے دو بچے تھے۔
ایوا میری سینٹ کا سات دہائیوں پر محیط فنی سفر ہالی ووڈ کی تاریخ کا اہم حصہ رہا۔
پہلی ہی فلم میں آسکر ایوارڈ جیتنے سے لے کر الفریڈ ہچکاک کی مشہور فلم میں اداکاری اور ٹیلی ویژن پر ایمی ایوارڈ حاصل کرنے تک، انہوں نے مختلف ادوار میں اپنی اداکاری کے ذریعے شائقین کو متاثر کیا۔



