پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ لاہور سے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا، تاہم میچ کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ترجمان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کے جگہ کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میچ اب 17 سے 21 نومبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
Both Tests of the ongoing #PAKvSL series will now be played in Rawalpindi, with the second match moved due to increasing smog levels in Lahore https://t.co/xWYVf5C5cA
— Cricinfo (@cricinfo) November 10, 2026
ترجمان کے مطابق لاہور میں اسموگ کی بڑھتی ہوئی شدت کے پیش نظر میچ کا مقام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق دوسرا ٹیسٹ لاہور میں ہونا تھا، تاہم اب یہ مقابلہ انہی تاریخوں پر راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق دوسرے ٹیسٹ کی تاریخوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، صرف مقام تبدیل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ بھی راولپنڈی میں جاری ہے، یوں اب دو ٹیسٹ میچوں کی پوری سیریز راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز 434 رنز پر ڈیکلیئر کر دی، جس کے جواب میں سری لنکا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا لیے ہیں۔



