ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سائبر حملوں کے الزامات پر کہا ہے کہ فرانسیسی حکومت اپنے عوام کی شکایات دور کرنا تو درکنار، ریفریجریشن سسٹم تک سنبھالنے میں ناکام ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر اپنے بیان میں سائبر حملوں کے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی حکومت اپنے عوام کی شکایات دور کرنا تو درکنار، ریفریجریشن سسٹم تک سنبھالنے میں ناکام ہے اور اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ہاں، ایران ایک طاقتور ملک ہے، لیکن فرانس کے برعکس ہم غزہ میں قتل عام کی حمایت یا اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کے ذریعے اپنی طاقت کا مظاہرہ نہیں کرتے۔
فرانس کی جانب سے ایرانی سائبر یونٹ پر 700 سے زائد سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن سسٹمز پر سائبر حملوں کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ نے ان حملوں کا ذمہ دار ایران کو قرار دیتے ہوئے ایرانی سفیر کو طلب کرنے، یورپی اتحادیوں کے ساتھ مزید پابندیوں کی تجویز دینے اور مناسب جوابی اقدامات کا حق محفوظ رکھنے کا اعلان کیا تھا۔
ایرانی سفیر کی طلبی اور مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان
واضح رہے کہ فرانسیسی وزارت خارجہ نے حملوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فرانس میں تعینات ایرانی سفیر کو طلب کرنے اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز دینے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے 9 نومبر 2026 کو جاری بیان کے مطابق 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب فرانس میں 700 سے زائد ریٹیل اسٹورز اور سپر مارکیٹس کے ریفریجریشن سسٹمز کو سائبر حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
Unable to manage fridges let alone addressing grievances of its people, French government is shifting blame for its failures onto others.
Yes, Iran is powerful. But unlike France, we do not exercise power via support for massacres in Gaza or bombings of schools and hospitals.
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) November 10, 2026
بیان میں کہا گیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مالی اور مادی نقصان ہوا، متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی جبکہ اشیا ء خورونوش بھی خراب ہوگئیں۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ضائع ہونے والی خوراک اور دیگر نقصانات کی مالیت کروڑوں یورو تک پہنچتی ہے۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ تحقیقات کے بعد ان سائبر حملوں کی ذمہ داری ایران پر عائد ہوتی ہے۔ بیان کے مطابق یہ کارروائیاں شاہد کاوہ (SHAHID KAVEH) نامی ایک جارحانہ سائبر یونٹ نے انجام دیں، جسے ایرانی پاسداران انقلاب کی الیکٹرانک وارفیئر اینڈ سائبر ڈیفنس آرگنائزیشن سے منسلک قرار دیا گیا ہے۔
فرانس نے اس یونٹ کو اپنے اہم قومی انفرااسٹرکچر کیلئے مسلسل خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملے فرانسیسی عوام کی سلامتی اور قومی مفادات پر براہ راست حملہ ہیں۔
فرانسیسی وزارت خارجہ کے مطابق حملوں کا پیمانہ اور شدت غیر معمولی تھی اور فرانس کی سرزمین پر تخریب کاری کے مقصد سے کی جانے والی یہ پہلی بڑی جارحانہ سائبر مہم تھی۔
فرانس نے کہا ہے کہ وہ اپنی 2026 کی قومی سائبر سکیورٹی حکمت عملی کے تحت سائبر حملوں کی روک تھام اور جواب دینے کیلئے تمام دستیاب ذرائع استعمال کرے گا۔
اس سلسلے میں فرانس یورپی یونین اور دیگر بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر سائبر حملوں میں ملوث ایرانی اداروں اور افراد کے خلاف مزید پابندیاں عائد کرنے کی تجویز پیش کرے گا۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا کہ ایران کے سفیر کو طلب کرکے ان حملوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فرانس سائبر حملوں کے جواب میں ضروری اور متناسب اقدامات کا حق محفوظ رکھتا ہے، ان اقدامات میں علانیہ اور خفیہ دونوں نوعیت کی کارروائیاں شامل ہوسکتی ہیں۔
فرانسیسی وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ایران اس سے قبل بھی فرانس کے خلاف عدم استحکام پیدا کرنے والی متعدد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔ ان میں 2023 میں ہفت روزہ میگزین چارلی ایبڈو کے خلاف مبینہ سائبر سرگرمیاں اور پیرس 2024 اولمپکس و پیرالمپکس کی تنظیم کے خلاف کارروائیاں بھی شامل ہیں۔
فرانس کے مطابق مارچ 2026 میں یورپی یونین نے ایرانی ادارے ایمینٹ پاسارگاد (Emennet Pasargad) پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں، جس پر ان سائبر حملوں میں معاونت کا الزام تھا۔
فرانس کے تازہ الزامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب پیرس اور تہران کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور ایران کی علاقائی پالیسیوں پر پہلے ہی کشیدگی پائی جاتی ہے۔
فرانس نے پہلی مرتبہ اپنے ملک میں بڑے پیمانے پر سائبر تخریب کاری کی مہم کا براہ راست الزام ایران پر عائد کرتے ہوئے سفارتی احتجاج، مزید یورپی پابندیوں اور ممکنہ جوابی اقدامات کا عندیہ دیا ہے۔ تاہم یہ تمام الزامات فرانسیسی حکومت کے سرکاری بیان پر مبنی ہیں۔



