وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو قابل فخر سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی اور مشترکہ عزم کی علامت ہے اور پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کے لئے اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار میانوالی میں چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے پانچویں یونٹ (چشمہ-5) کی ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آج اس تاریخی موقع پر چشمہ-5 کے ڈوم کی تنصیب کی تقریب میں شرکت ان کے لئے باعث مسرت ہے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جولائی 2023 میں اسی مقام پر اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں بھی وہ شریک ہوئے ، اس وقت انہوں نے پورے یقین کے ساتھ کہا تھا کہ پاکستان کسی کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ اپنی محنت اور انتھک کوششوں کے ذریعے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا،آج ساڑھے تین سال سے بھی کم عرصے میں مقررہ وقت سے پہلے ڈوم کی تنصیب اس عزم کی عملی عکاسی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی لگن اور محنت سے یہ اہم سنگ میل حاصل ہوا ہے
وزیراعظم نے اعتماد ظاہر کیا کہ اسی جذبے اور عزم کے ساتھ یہ منصوبہ ان شاء اللہ مقررہ وقت سے پہلے فعال بھی ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ منصوبہ سٹیل اور کنکریٹ کی تعمیرات پر مشتمل ہے لیکن پاکستان کے عوام کے لئے یہ صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کی ضمانت ہے، ایسی بجلی جو درآمدی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر نہ ہو جس کی پیداوار سورج کی روشنی یا ہوا کی دستیابی سے مشروط نہ ہو بلکہ رات بھر فیکٹریوں کو رواں رکھے، اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور طلبہ کو روشنی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، اس کے عوام اور معیشت کے لئے توانائی کے تحفظ کا یہی حقیقی مفہوم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان کی خصوصی ذمہ داری ہے کہ توانائی کے ایسے حل اختیار کرے جو معاشی مقاصد کے حصول کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد خوابوں کو امید اور امید کو حقیقت میں بدل دے گا۔
Prime Minister Muhammad Shehbaz Sharif and Field Marshal Syed Asim Munir, NI (M), HJ, Chief of the Army Staff & Chief of Defence Forces at the dome placement ceremony of the Chashma-5 (C-5) Nuclear Power Plant in Mianwali, today. https://t.co/zB2GQHibJ2
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) November 10, 2026
وزیراعظم نے ملکی ترقی کے لئے امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قوم اپنے حال کو محفوظ بنائے بغیر خوشحال مستقبل تعمیر نہیں کر سکتی، پاکستان کی ترقی کی بنیاد وہ امن اور استحکام ہے جسے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی متحرک قیادت میں بہادر مسلح افواج نے یقینی بنایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پرعزم قیادت میں پوری قوم نے اپنی بہادر مسلح افواج کی جرأت، پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور غیر متزلزل عزم کا مشاہدہ کیا، یہی عزم ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جس میں پاکستان اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اعتماد کے ساتھ ترقی کی رفتار تیز کرنے کے قابل ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مشترکہ اقدامات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فعال اور ثابت قدم حمایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن اپنے آہنی دوست عوامی جمہوریہ چین کو خراج تحسین پیش کئے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، چشمہ-5 پاکستان میں چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا ساتواں نیوکلیئر پاور یونٹ ہے، ان میں سے ہر منصوبہ ایسی دوستی کا زندہ ثبوت ہے جو مشکل ترین حالات اور خوشحالی کے ادوار میں بھی کبھی متزلزل نہیں ہوئی۔
وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ، چینی حکومت اور چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے انجینئرز نے شدید گرمی اور سردی میں پاکستانی انجینئرز کے شانہ بشانہ ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کی دوستی کو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور سونے و ہیرے سے زیادہ قیمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی سٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے حتیٰ کہ اس ڈوم کو جوڑنے والے سٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے، چشمہ-5 کا یہ ڈوم دنیا کے سامنے دونوں ملکوں کی منفرد دوستی کی ایک بلند اور نمایاں علامت کے طور پر موجود ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوتے ہوئے چشمہ-5 دونوں ملکوں کی شراکت داری کی حقیقی قوت کی عکاسی کرتا ہے جو اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور عوام کے روشن مستقبل کی تعمیر میں معاون ہے۔
انہوں نے چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی، چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن، پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی، مالیاتی اداروں، انجینئرز، کنٹریکٹرز اور اس غیر معمولی ٹیم کے ہر رکن کو اس اہم سنگ میل کے حصول پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے میانوالی کے عوام کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس اہم منصوبے کی میزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ آپ کا فخر ہے اور پورے پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم دستیاب وسائل، ٹیکنالوجی اور ہر شہری کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسا پاکستان تعمیر کریں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا، ایک ایسا پاکستان جو معاشی طور پر غالب، توانائی کے شعبے میں خودمختار اور ماحولیاتی اعتبار سے مضبوط ہو۔
وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ چشمہ-5 پاکستان اور چین کی دوستی اور ایک خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے مشترکہ عزم کی دیرپا علامت بنے گا۔
اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ جوہری توانائی پاکستان کی توانائی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور قابلِ اعتماد، کم کاربن اخراج والی بجلی فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے جوہری بجلی گھر محفوظ اور مؤثر انداز میں 3,530 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جس سے سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج سے بچنے میں مدد مل رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک کی مجموعی نصب شدہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں جوہری توانائی کا حصہ 8.6 فیصد ہے تاہم یہ ملک کی مجموعی بجلی پیداوار کا تقریباً 16.6 فیصد فراہم کرتی ہے جبکہ موسم سرما کے دوران بجلی کی پیداوار میں جوہری توانائی کا حصہ 26 فیصد تک پہنچ جاتا ہے،چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1,200 میگاواٹ ہوگی اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔
تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے۔



