بھارتی ریاست پنجاب کے شہر امرتسر میں پنجابی انفلوئنسر اور معروف میک اپ آرٹسٹ مد سندھو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مد سندھو پر دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے مد سندھو کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق افسوسناک واقعہ ہفتے کی شام تقریباً 6 بجے پیش آیا۔ مد سندھو کو سڑک پر خون میں لت پت حالت میں پایا گیا، جس کے بعد انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی۔
تاہم گولیاں لگنے کے باعث ان کی حالت انتہائی تشویشناک تھی اور وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئے۔
فائرنگ کرنے والے ملزمان فرار
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس سری وینیلا کے مطابق ابتدائی معلومات میں سامنے آیا ہے کہ دو نامعلوم افراد نے موٹرسائیکل پر سوار ہوکر مد سندھو کو نشانہ بنایا۔
پولیس نے واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مد سندھو کے ذاتی، پیشہ ورانہ اور سوشل میڈیا روابط سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق قتل کے محرکات کے بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
سوشل میڈیا پر قتل کی ذمہ داری کا دعویٰ
واقعے کے بعد ’گولڈی ڈھلون‘ نامی فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ بھی سامنے آئی، جس میں مد سندھو کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ پوسٹ میں مد سندھو پر پنجاب کو ’خراب‘ کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔
پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی مذکورہ پوسٹ کو بھی تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے، پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ پوسٹ واقعی حملے میں ملوث افراد یا کسی متعلقہ گروہ کی جانب سے کی گئی یا محض گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
پوسٹ کے ذریعے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے والے اکاؤنٹ کی حقیقت اور اس کے پیچھے موجود افراد کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
فیشن سے سوشل میڈیا تک کامیاب سفر
مد سندھو کا اصل نام مدھوسودن تھا اوروہ میک اپ، فلمی دنیا اور صنفی مسائل سمیت مختلف سماجی و ثقافتی موضوعات پر پوڈکاسٹس میں گفتگو کرتے تھے۔
انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز فیشن انڈسٹری سے کیا اوراسٹائلسٹ کے طور پرکام کرنے کے علاوہ پنجاب اورممبئی میں فلموں کے اسسٹنٹ کاسٹیوم ڈیزائنر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
بعد ازاں مد سندھو نے سوشل میڈیا پر اپنی سرگرمیاں بڑھائیں اورانسٹاگرام ریلز، وائرل ویڈیوز، میک اپ، لگژری لائف اسٹائل اور سماجی و ثقافتی موضوعات پر کھلے تبصروں کے باعث انہیں خاصی مقبولیت حاصل ہوئی۔
ان کے سوشل میڈیا مواد میں فیشن اور بیوٹی کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا اور معاشرتی معاملات بھی نمایاں رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی تمام ممکنہ وجوہات اور محرکات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ نامعلوم حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔



