بالی ووڈ کے معروف اداکار ڈینو موریا کو ممبئی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) نے 65 کروڑ 54 لاکھ روپے کے مبینہ مٹھی ریور ڈی سلٹنگ اسکام کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی ٹیم نے ڈینو موریا کی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر تقریباً 8 گھنٹے تک تفتیش کی۔
پولیس نے اداکار سے مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کیس سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی پوچھ گچھ کی، جس کے بعد انہیں باقاعدہ طور پر گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق معاملہ ممبئی کی مٹھی ندی کی صفائی اوراس سے متعلق ڈی سلٹنگ کے ٹھیکوں کی تقسیم میں مبینہ طور پرہونے والے 65 کروڑ 54 لاکھ روپے کے گھپلے سے متعلق ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاری تحقیقات کے دوران ڈینو موریا کی مبینہ مالی شمولیت سے متعلق شواہد سامنے آئے ہیں، جن کی بنیاد پران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے اداکارکی رہائش گاہ پر کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی، تفتیش کے دوران کیس سے متعلق مالی معاملات اورمبینہ لین دین کے حوالے سے بھی سوالات کیے گئے۔
گرفتاری کے بعد ڈینو موریا کو طبی معائنے کے لئے لے جایا گیا، طبی معائنے کے بعد پولیس انہیں مقامی عدالت میں پیش کرے گی، جہاں حکام کی جانب سے مزید تفتیش کے لیے ریمانڈ کی استدعا کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مٹھی ریور ڈی سلٹنگ سے متعلق مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا معاملہ ممبئی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ کی تحقیقات کا حصہ ہے، پولیس اس کیس میں مبینہ مالی لین دین اور مختلف افراد کے کردار کا جائزہ لے رہی ہے۔
ڈینوموریا کی گرفتاری کے بعد کیس کی تحقیقات مزید اہم مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں، تاہم ان پرعائد الزامات کی حتمی حیثیت عدالتی کارروائی اورمزید تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوگی۔
واضح رہے کہ کسی بھی ملزم کی گرفتاری یا تفتیش میں نام آنے کا مطلب جرم ثابت ہونا نہیں ہوتا اور مقدمے میں حتمی فیصلہ عدالت کی جانب سے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کیا جاتا ہے۔



