وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی زیرحراست بہنوں کی رہائی ممکن ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں نظر بند افراد کو بھی رہا کیا جاسکتا ہے، اور حکومت کا کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کا کوئی ارادہ نہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا“ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ کوئی بیک ڈور رابطے نہیں، البتہ بعض لوگوں کے ساتھ کبھی کبھار دعا سلام ہوجاتی ہے۔ جبکہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں اور نئی سیاسی تبدیلی سے متعلق خبریں محض افواہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ہر وقت اپنی سی وی لے کر بیٹھے رہتے ہیں اور بہترین متبادل بننے کی خواہش رکھتے ہیں تاہم اس میں کوئی برائی نہیں۔
’چوہدری سالک کے پاس کرپشن کے ثبوت نہیں‘
چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب میں مبینہ کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر نے خود تسلیم کیا ہے کہ ان کے پاس الزامات کے کوئی ثبوت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری سالک نے دعویٰ کیا کہ کرپشن سے الماریاں بھر گئی ہیں، لیکن ثبوت کوئی نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہر شخص اپنی کہانی لے کر بیٹھا ہے، چوہدری سالک نے بھی ایک بات کی، لیکن جب ان کے پاس ثبوت نہیں تو ایسی باتیں کہاں سے سنیں؟ یقیناً یہ باتیں ادھر ادھر سے آتی ہیں۔ وفاقی وزیر جب اس طرح کے بیانات دے گا تو اس کا جواب بھی آئے گا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ایک روپے کی کرپشن ثابت کر کے دکھائیں۔ تاہم چوہدری سالک پنجاب حکومت کے لیے کوئی خطرہ یا چیلنج نہیں ہیں۔ ملک میں افواہ سازی کا ماحول ہر وقت گرم رہتا ہے۔
’پنجاب حکومت نے جہاز اپنے اکاؤنٹ سے خریدا‘
رانا ثنا اللہ نے پنجاب حکومت کی جانب سے طیارے کی خریداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ جہاز صوبائی حکومت نے اپنے اکاؤنٹ سے خریدا ہے اور اب یہ پنجاب حکومت کا اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جہاز اپنی ذات کے لیے نہیں خریدا، اور جہاز دوسرے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس بھی موجود ہیں، کیا پنجاب کا اتنا بجٹ نہیں کہ وہ بھی اپنا طیارہ رکھ سکے؟
انہوں نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سندھ میں کرپشن کے الزامات سے متعلق بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو نے اسے پروپیگنڈا قرار دیا تھا اور تجویز دی تھی کہ وزیراعلیٰ سندھ متعلقہ اداروں کو خط لکھ کر منصوبے کا آڈٹ کرائیں۔ رانا ثنا اللہ کے مطابق پروپیگنڈا ہو رہا ہو تو بعض اوقات اسے نظر انداز کردینا بھی بہتر ہوتا ہے۔
’12 صوبے بنانے کی خبریں محض افوا ہیں’
نئے سیاسی انتظام اور 12 صوبے بنانے سے متعلق خبروں پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبے بنانے کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔ اور 12 صوبوں کی خبر دینے والے یہ نہیں بتاتے کہ انہیں یہ اطلاع کہاں سے ملی؟
انہوں نے کہا کہ 12 صوبے بنانے کی بات کسی وزیر نے نہ کابینہ میں، نہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ اور نہ ہی پارلیمنٹ میں ہوئی ہے۔ جب تک یہ تجویز درست فورم پر نہیں آتی، یہ محض افوا اور قیاس آرائی ہے۔
’مولانا فضل الرحمان سے محاذ آرائی نہیں چاہتے‘
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف کسی محاذ آرائی میں شامل نہیں ہونا چاہتی۔ جبکہ خواہش ہے کہ مولانا فضل الرحمان خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نئے انتظامی سیٹ اپ کی مدد کریں۔



