عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 ہزار 200 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 32 ہزار 336 روپے ہو گئی۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 744 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 70 ہزار 658 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ مقامی صرافہ مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کے بھاؤ 55 روپے کے اضافے سے 5 ہزار 723 روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 47 روپے کے اضافے سے 4 ہزار 906 روپے ہو گئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 32 ڈالر کے اضافے سے 4 ہزار 98 ڈالر کا ہو گیا۔
خیال رہے عالمی اور ملکی سطح پر مختلف عوامل سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
پاکستان میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کا شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔



