پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال، امن و امان اور دہشت گردی کے واقعات سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی گئی۔
ہم نیوزکے مطابق ٹیلی فونک گفتگو کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنرنے ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، ٹانک اورکوہاٹ سمیت مختلف علاقوں میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے واقعات سے متعلق چیئرمین پیپلزپارٹی کو آگاہ کیا۔
دہشت گردی کے واقعات اور ڈرون سے متعلق بریفنگ
فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو اہداف تک پہنچنے سے قبل افغانستان کے ڈرون مار گرانے سے متعلق بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں صوبے میں پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتحال اور اس کے اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے مختلف علاقوں میں جاری صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور امن و امان سے متعلق امور سے چیئرمین پیپلزپارٹی کو آگاہ کیا۔
صوبائی حکومت اپنا کردار ادا کرے، بلاول بھٹو
بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کے دوران کہا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو دہشت گردی اور جنگ کی صورتحال کو سنبھالنے میں اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال میں صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اوردہشت گردی سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کے ساتھ اپنا کردار ادا کرے۔
بلاول بھٹو زرداری نے خیبرپختونخوا میں جاری لانگ مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ کو غیرمشروط طور پر ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صوبے کی سیاسی قیادت اور حکومت کو امن و امان کی صورتحال پر توجہ دینی چاہیے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال، دہشت گردی کے واقعات اور صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو صوبے کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ بلاول بھٹو نے موجودہ حالات میں صوبائی حکومت کے کردار کی ضرورت پر زور دیا۔



