راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان کی حمایت اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغانستان سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق امریکی افغان جنگ کمیشن کے وفد کی قیادت شمائلہ این چودھری اورڈاکٹرکولن ایف جیکسن نے کی، کمیشن افغانستان میں امریکا کی 20 سالہ شمولیت کا جائزہ لے رہا ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اورامریکی افغان جنگ کمیشن کے کام سے متعلق اہم امور پر بھی گفتگو ہوئی، فریقین نے خطے میں امن واستحکام اورسیکیورٹی سے متعلق مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان تنازع، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور اس کے پاکستان پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
انہوں نے امریکی وفد کو افغانستان میں طویل تنازع کے دوران پاکستان کو درپیش مختلف سیکیورٹی چیلنجز سے بھی آگاہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے اس بات پرزور دیا کہ افغانستان تنازع کے جامع جائزے میں صرف ایک ملک کے نقطہ نظر کے بجائے علاقائی تناظر کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازع کے دوران پاکستان کے تجربات اوراسے درپیش چیلنجز کو بھی جائزے کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد نے افغانستان تنازع کے دوران پاکستان کے طویل مدتی کرداراوراس کی قربانیوں کا اعتراف کیا، وفد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مسلسل کردارکو بھی سراہا۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے اموراورعلاقائی سیکیورٹی صورتحال پرتعاون سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی افغان جنگ کمیشن افغانستان میں امریکا کی دو دہائیوں پر محیط شمولیت اور اس دوران پیش آنے والے واقعات و چیلنجز کا جائزہ لے رہا ہے۔



