گوادر میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ مزید دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔
کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، جبکہ مزید تین دہشت گردوں کو گھیرے میں لیے جانے کی اطلاع دی گئی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھی آپریشن جاری ہے۔ مذکورہ مقام پر دہشت گردوں کی جانب سے ایک اور حملے کی کوشش کی اطلاع ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں کارروائی شروع کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر چار دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے گھیرے میں ہیں اور ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ آپریشن کی قیادت گوادر کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) خود کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں صورت حال پر قابو پانے اور دہشت گردوں کے خطرے کے خاتمے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی ذرائع نے دہشت گردوں کے حملے کی کوشش ناکام بنانے اور کارروائی میں ہلاکتوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں۔



