اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اپنے کیبن کریو کے نئے یونیفارم تیار کرنے کے لیے معروف پاکستانی فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین (ایچ ایس وائی) کا انتخاب کرلیا ہے۔
پی آئی اے کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کی گئی ایک پوسٹ کے مطابق نئے یونیفارمز پہلی مرتبہ 31 اکتوبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی ایئرلائن کے نئے بوئنگ 787 ڈریم لائنر کی افتتاحی پرواز کے موقع پر متعارف کرائے جائیں گے۔
Runway to Runway:
HSY to design the new look of PIA Crew
#PIA is bringing runway glamour back to the skies. In a celebration of heritage, modern elegance, and warm hospitality, the national flag carrier has officially chosen celebrated couturier Hassan Sheheryar Yasin (HSY) @HSYCOUTUREKING to design the new look of PIA Crew.
PIA has long held a singular tradition of bridging commercial aviation with world-class fashion. In 1966, legendary French designer Pierre Cardin designed PIA’s pioneering A-line tunic and hood, defining aviation chic across the globe. That heritage was enriched in the 1970s by Queen Elizabeth II’s royal couturier, Sir Hardy Amies, who brought refined tailoring to the skies, followed in recent years by contemporary master Nomi Ansari whose uniform inspiration lasted PIA for 12 years.
— PIA (@Official_PIA) October 22, 2026
نئے یونیفارمز کی رونمائی ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب پی آئی اے کی انتظامیہ میں تبدیلی کے بعد ایئرلائن اپنے تشخص کو جدید بنانے اور بین الاقوامی آپریشنز میں توسیع کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ جون 2026 میں عارف حبیب کی قیادت میں کنسورشیم کی کمپنی پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کو ایئرلائن کا انتظامی کنٹرول منتقل کیا گیا تھا۔
اپنی پوسٹ میں ایئرلائن نے اس اقدام کو ”فیشن رن وے سے ایئرپورٹ رن وے تک“ کا عنوان دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ فضائی سفر میں فیشن اور جدت کی روایت کو دوبارہ زندہ کر رہی ہے۔
پی آئی اے ترجمان نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ نئے یونیفارمز میں پاکستان کے ثقافتی ورثے، جدید فیشن، نفاست اور مہمان نوازی کو نمایاں کیا جائے گا۔ جبکہ یونیفارمز کی تیاری میں ایسے کپڑوں اور ڈیزائن کو ترجیح دی گئی ہے جو طویل پروازوں کے دوران عملے کے لیے آرام دہ ہوں اور فرائض کی انجام دہی میں آسانی فراہم کریں۔
فیشن ڈیزائنر حسن شہریار یاسین نے کہا کہ قومی ایئرلائن کے لیے ڈیزائن تیار کرنا پاکستان کے اجتماعی فخر اور مہمان نوازی کی عکاسی کرنے کے مترادف ہے۔ اور ڈیزائن میں پاکستانی ثقافت کے ساتھ جدید فیشن کو بھی یکجا کیا گیا ہے، جبکہ عملے کے آرام اور اعتماد کو بھی بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔
پی آئی اے کے یونیفارمز کی تاریخ
پی آئی اے میں ڈیزائنر یونیفارمز متعارف کرانے کی تاریخ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ 1966 میں معروف فرانسیسی ڈیزائنر پیئر کارڈن نے ایئرلائن کے لیے مخصوص اے لائن ٹیونک اور ہڈ ڈیزائن کیا تھا، جس نے عالمی سطح پر پی آئی اے کی شناخت بنانے میں کردار ادا کیا۔ بعد ازاں 1970 کی دہائی میں برطانوی ڈیزائنر سر ہارڈی ایمیز نے اس روایت کو آگے بڑھایا۔
پاکستانی ڈیزائنرز نے بھی اس روایت کو برقرار رکھا، جبکہ 2016 میں متعارف کرائے گئے یونیفارمز میں نومی انصاری اور ثانیہ مسکاتیہ سمیت مقامی فیشن ماہرین کا کردار رہا۔
پی آئی اے کے مطابق نئے یونیفارمز قومی ایئرلائن کی ظاہری شناخت میں تبدیلی اور جدت کی جانب ایک اہم قدم ہوں گے۔ تاہم سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے یونیفارمز کے ساتھ طیاروں کی دیکھ بھال، پروازوں کی بروقت روانگی اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بہتر بنانے پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔



