آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے انہیں سخت ضرب لگائی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جس دوران انہیں صوبے کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
فیلد مارشل کا کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کے نفاذ کے بعد وفاقی حکومت امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے سرگرم ہے ۔ وہ گزشتہ روز صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوئے تھے ۔
کور ہیڈ کوارٹرز پشاور میں دی گئئ بریفنگ میں فیلڈ مارشل کو جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، بارڈر مینجمنٹ اور فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے خطاب کے دوران افسران و جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے دہشت گردوں کے خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے چوکس رہنے اور اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے سرپرستی یافتہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے انہیں سخت ضرب لگائی جائے گی۔
فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام، شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریے کو مکمل شکست دے گا۔


