صوبہ سندھ کے 13 اضلاع میں خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے شیڈول جاری کردیا گیا ہے، مختلف بلدیاتی اداروں کی 39 خالی نشستوں پر پولنگ 22 نومبر 2026 کو ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات حیدرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، ٹنڈوالہیار، مٹیاری، دادو، نوشہروفیروز، خیرپور، بدین، قمبرشہدادکوٹ، عمرکوٹ، تھرپارکراورشکارپورکے اضلاع میں ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار 20 سے 22 اکتوبر 2026 تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جبکہ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 28 اکتوبر تک کی جائے گی۔
شیڈول کے مطابق امیدواروں کی ابتدائی فہرست 29 اکتوبر کو جاری کی جائے گی، جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 7 سے 9 نومبر 2026 تک جاری کی جائے گی۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بھی جاری کیا تھا، جس کے مطابق پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔ انتخابی شیڈول کے تحت امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک وصول کیے جائیں گے جبکہ ان کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبرتک ہوگی۔
ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی عمل مقررہ شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلع جنوبی کراچی کی یونین کونسل نمبر 8 کلری شاہ بیگ میں وائس چیئرمین کی خالی نشست پر ضمنی بلدیاتی انتخاب 8 نومبر 2026 کو ہوگا۔
ترجمان الیکشن کمیشن سندھ کے مطابق یہ نشست چیئرمین میونسپل کمیٹی لیاری سے متعلق ہے، جہاں وائس چیئرمین کے انتخاب کے لیے پولنگ مقررہ تاریخ پر ہوگی۔
الیکشن کمیشن سندھ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے، جانچ پڑتال اور حتمی فہرست کے اجرا سمیت انتخابی مراحل مقررہ تاریخوں کے مطابق مکمل کرنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ سندھ کے 13 اضلاع میں 39 مختلف خالی بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخابات 22 نومبر کو ہوں گے جبکہ کراچی کے ضلع جنوبی کی مذکورہ نشست پر پولنگ اس سے قبل 8 نومبر کو ہوگی۔



