پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 12ویں ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کی بھرتی کے ابتدائی طریقہ کار کا اعلان کردیا۔میگا ایونٹ اگلے سال 18 مارچ کو شروع ہوکر 2 مئی تک جاری رہے گا۔
پاکستان سپر لیگ پاکستان کے کرکٹ کیلنڈر کا اہم ایونٹ بن چکی ہے جس میں شائقین کی بڑی تعداد اور بین الاقوامی کھلاڑی شرکت کرتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت پی ایس ایل گورننگ کونسل کا اجلاس ہوا جس میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں، کھلاڑیوں کی شمولیت اور لیگ کو ملک کے مزید شہروں تک پہنچانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
PCB Chairman Mohsin Naqvi chaired the HBL PSL Governing Council meeting as the roadmap for Season 12 was confirmed with Direct Signings now open and the Player Auction set for 23 January 2027.
With 44 matches across 46 days and five to six venues for the first time, #HBLPSL12 is set to take the league to new heights.
📅 18 March – 2 May 2027
More Details: https://t.co/NndT8QeTLp
#NewEra | #HBLPSL
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) October 23, 2026
اجلاس کے بعد پی سی بی نے بتایا کہ پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کو براہِ راست سائن کرنے کی ونڈو 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک کھلی رہے گی۔اس دوران ہر فرنچائز ایک بڑے کھلاڑی (مارکی پلیئر) کو براہِ راست سائن کر سکے گی تاہم شرط یہ ہے کہ متعلقہ کھلاڑی پی ایس ایل کے گزشتہ 2 ایڈیشنز میں سے کسی میں بھی نہ کھیلا ہو۔
فرنچائزز کو اس سہولت کے ذریعے نیلامی سے پہلے اپنے اسکواڈ میں ایک اہم کھلاڑی شامل کرنے کا موقع ملے گا جبکہ دیگر کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل 23 جنوری کو ہونے والی نیلامی کی جانب بڑھے گا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے اور بورڈ گزشتہ ایڈیشن کی کامیابی کو آگے بڑھانے کے لیے کام کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ 11ویں ایڈیشن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا اور بورڈ اسی رفتار کو برقرار رکھے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل کو ملک کے مزید شہروں تک لے جایا جائے گا۔
پی سی بی نے اعلان کیا کہ پی ایس ایل کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے آئندہ ہفتے کرکٹ ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی جس میں ٹورنامنٹ کی تیاریوں اور متعلقہ امور پر گفتگو ہوگی۔
اس کے علاوہ پی ایس ایل سے قبل گولڈ اور سلور کیٹیگریز پر مشتمل نیشنل ٹی 20 کپ بھی منعقد کیا جائے گا جس سے مقامی کھلاڑیوں کو ملک کی بڑی ٹی 20 لیگ سے پہلے مقابلے کا موقع ملے گا۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا کہ ڈائریکٹ سائننگ ونڈو کھلنے کے ساتھ ہی پی ایس ایل 12 کے لیے بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔
ٹورنامنٹ کی تاریخوں، نیلامی کے شیڈول اور براہِ راست سائننگ کے قواعد کے اعلان کے بعد فرنچائزز اپنی حکمت عملی مرتب کرسکیں گی۔



