اسلام آباد: چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ارضِ حرمین شریفین پوری امتِ مسلمہ کی ریڈ لائن ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کا مرکز ہیں، ان کی حرمت، سلامتی اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوششوں کے خلاف آئندہ جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں ’’یومِ مذمت‘‘ کے طور پر منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ مذمت مقدس مقامات پر حوثی باغیوں اور ان کے حلیفوں کے حملوں کے خلاف منایا جائے گا۔ ملک بھر کے تمام مکاتبِ فکر کے علما خطباتِ جمعہ میں مقدس مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور حملوں کی مذمت کریں۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے مزید کہا کہ مکہ مکرمہ اورمدینہ منورہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں اور مسلمانوں کے ایمان و عقیدے کا مرکز ہیں، ارضِ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
چیئرمین پاکستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ 2 ارب مسلمان سعودی عرب کی قیادت اورعوام کے ساتھ کھڑے ہیں، حرمین شریفین کی حرمت، سلامتی اور تحفظ کے معاملے پر امتِ مسلمہ متحد ہے۔



