اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے لبنان کے وزیر داخلہ احمد الحجارکی ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور لبنان کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور لبنانی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے اسرائیلی حملوں سے املاک کو پہنچنے والے نقصان پر بھی گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے لبنانی قیادت اور عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کی یقین دہانی بھی کرائی۔
لبنانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تعاون کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لبنان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے موقع پر پاکستان اور لبنان کے درمیان سزا یافتہ افراد کی منتقلی سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ مفاہمتی یادداشت پر پاکستان اور لبنان کے وزرائے داخلہ نے دستخط کیے۔
مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے سزا یافتہ شہری اپنی باقی سزا اپنے متعلقہ ملک میں مکمل کرسکیں گے۔
اس اقدام سے سزا یافتہ افراد کی منتقلی کے عمل میں سہولت پیدا ہونے کے ساتھ پاکستان اور لبنان کے درمیان قانونی و انتظامی تعاون مزید مستحکم ہونے کی توقع ہے۔



