چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشین نیول چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اورپاکستان وانڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشین نیول چیف ایڈمرل ڈاکٹرمحمد علی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجود دیرینہ عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہارکیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں روابط بڑھانے اورمشترکہ فوجی مشقوں کے ذریعے دونوں افواج کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پراتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے پاکستان اورانڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات کومزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان باہمی تعاون اور روابط کو اہم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیول چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط اور باہمی تعاون کو مستقبل میں مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔



