ترکیے کے شہر انطالیہ میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی عالمی موسمیاتی کانفرنس COP31 دو روز کی تاخیر کے بعد اختتام پذیر ہوگئی، تاہم دو ہفتوں سے زائد جاری رہنے والے مذاکرات کے باوجود ممالک کسی متفقہ اعلامیے پر اتفاق نہ کرسکے۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق کانفرنس میں بنیادی اختلاف تیل، گیس اورکوئلے سمیت فوسل فیولز کے مستقبل پر سامنے آیا، جس کے باعث یورپی یونین نے ترکیے اورآسٹریلیا کی جانب سے تیار کردہ مجوزہ اعلامیہ مسترد کردیا اور اتفاق رائے کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔
کانفرنس کواس سال ’’عمل درآمد کی کانفرنس‘‘ قرار دیا گیا تھا، جس کا مقصد موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ممالک کی جانب سے پہلے کئے گئے وعدوں کوعملی شکل دینا تھا، مذاکرات میں کاربن اخراج میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے مطابقت پیدا کرنے اور متاثرہ ممالک کو مالی معاونت فراہم کرنے جیسے اہم معاملات زیر بحث آئے تاہم ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان اختلافات برقرار رہے۔
ترقی یافتہ ممالک نے کاربن اخراج میں تیزی سے کمی پر زور دیا جبکہ ترقی پذیر ممالک نے مؤقف اختیار کیا کہ مالی وسائل فراہم کیے بغیر ان سے ایسے اقدامات کی توقع نہیں کی جاسکتی، بالخصوص افریقی ممالک نے کہا کہ امیر ممالک اگر موسمیاتی اقدامات کیلئے درکار رقم فراہم نہیں کرتے تو کانفرنس کو عمل درآمد کی کانفرنس قرار دینے کا کوئی فائدہ نہیں۔
فوسل فیولز کا ذکر کیوں معاہدے کی ناکامی کی وجہ بنا؟
کانفرنس میں سب سے بڑا تنازع فوسل فیولز کے استعمال میں کمی اور ان سے بتدریج منتقلی کے معاملے پر پیدا ہوا، سعودی عرب اور روس نے کاربن اخراج میں کمی سے متعلق مجوزہ فیصلے کی مخالفت کی، جس کے باعث اس اہم معاملے پر کوئی اتفاق رائے نہ ہوسکا، دونوں ممالک دنیا کے بڑے تیل اور گیس برآمد کنندگان میں شامل ہیں۔
تین سال قبل دبئی میں ہونے والی COP28 کانفرنس میں ممالک نے پہلی مرتبہ ایک سرکاری فیصلے میں فوسل فیولز سے بتدریج منتقلی پر اتفاق کیا تھا۔
اس فیصلے کو تیل، گیس اور کوئلے کے استعمال کے دور کے خاتمے کی جانب تاریخی پیش رفت قرار دیا گیا تھا تاہم ترکیے میں ہونے والی کانفرنس میں اس عزم کو آگے بڑھانے کے بجائے اس پر اختلافات سامنے آگئے۔
آسٹریلیا اور ترکیے نے معاملے کا حل نکالنے کے لیے ایک سمجھوتے کی تجویز دی، جس کے تحت مجوزہ اعلامیے میں فوسل فیولز کا ذکر شامل نہ کرنے کے بدلے صاف توانائی کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے ساتھ بجلی کے شعبے کو فروغ دینے کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی گئی۔
اس تجویز سے سعودی عرب کو مطمئن کرنے کی کوشش کی گئی تاہم یورپی یونین، پاناما، مارشل آئی لینڈز، وانواتو اور بیلیز نے اسے مسترد کردیا، ان ممالک کا مؤقف تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی وجوہات کا ذکر کیے بغیر کسی مؤثر معاہدے تک پہنچنا ممکن نہیں۔
امیر ممالک نے مالی امداد کے وعدے بھی پورے نہ کیے
کانفرنس میں ترقی پذیر ممالک کے لیے مالی معاونت کا معاملہ بھی اہم اختلاف کی وجہ بنا، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کا سب سے زیادہ بوجھ غریب ممالک اٹھا رہے ہیں جبکہ عالمی کاربن اخراج میں ان کا حصہ نسبتاً کم ہے اور ان کے پاس موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی وسائل بھی محدود ہیں۔
کانفرنس سے قبل یورپی یونین کے موسمیاتی کمشنر ووپکے ہوئکسٹرا نے نئے مالی وعدوں سے متعلق مذاکرات کو بے نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممالک کو نئی مالی معاونت کے بجائے پہلے سے کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔
تاہم کانفرنس اس توقع پر بھی پوری نہ اتر سکی، برازیل میں گزشتہ سال COP30 کے دوران موسمیاتی موافقت کے لیے مالی معاونت تین گنا کرنے کا ہدف مقررکیا گیا تھا لیکن اس حوالے سے کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
آسٹریلوی حکومت نے بحرالکاہل کے ممالک کے لیے قائم موسمیاتی فنڈ میں عالمی مالی تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا تھا، لیکن امیر ممالک نے اپنے پہلے سے کیے گئے وعدے ہی دہرائے۔
نتیجتاً بحرالکاہل کے موسمیاتی فنڈ کو 2026 کے لیے مقررہ 74 کروڑ 90 لاکھ آسٹریلوی ڈالر کے ہدف کے مقابلے میں 45 کروڑ آسٹریلوی ڈالر کی کمی کا سامنا رہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس موقع پر سب سے نمایاں مالی وعدہ ایک چھوٹے بحرالکاہلی ملک جزائر سلیمان کی جانب سے سامنے آیا۔ وزیراعظم میتھیو ویل نے عالمی گرین کلائمیٹ فنڈ کے لیے 6 لاکھ ڈالر دینے کا اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ بحرالکاہل کے ممالک نے یہ بحران پیدا نہیں کیا لیکن وہ دوسروں کے اقدامات کا انتظار کرتے ہوئے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
بجلی کے استعمال میں اضافے کا منصوبہ بھی اعلامیے کا حصہ نہ بن سکا
ترکیے اور آسٹریلیا نے فوسل فیولز کے متبادل کے طور پر بجلی کے استعمال میں اضافے پر بھی زور دیا، دونوں ممالک کا نمایاں منصوبہ ’’35 بائی 35‘‘ تھا، جس کے تحت عالمی سطح پر توانائی کے مجموعی استعمال میں بجلی کا حصہ موجودہ تقریباً 23 فیصد سے بڑھا کر 2035 تک 35 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
اگرچہ یہ منصوبہ باضابطہ اعلامیے میں شامل نہ ہوسکا تاہم مذاکرات سے باہر اسے نمایاں حمایت حاصل ہوئی۔ یورپی یونین اور چین سمیت 75 سے زائد ممالک اور 180 کاروباری اداروں نے اس کی حمایت کی۔
دوسری جانب برازیل نے گزشتہ سال فوسل فیولز کے بتدریج خاتمے کے لیے عالمی حکمت عملی تیار کرنے کا اعلان کیا تھا اس کا روڈ میپ COP31 میں پیش کیا گیا، جسے بھارت، جرمنی اور نائیجیریا سمیت بڑے ممالک کی حمایت حاصل ہوئی، امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ مستقبل میں مزید ممالک باضابطہ مذاکرات سے باہر رہتے ہوئے فوسل فیولز کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کریں گے۔
موسمیاتی سائنس اور عالمی تعاون کا مستقبل بھی سوالیہ نشان بن گیا
کانفرنس میں موسمیاتی سائنس کا معاملہ بھی نمایاں رہا، دنیا کے ممتاز موسمیاتی سائنس دانوں کے ادارے انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج (آئی پی سی سی) کی اہم سائنسی رپورٹس کی اشاعت میں چند فوسل فیول پیدا کرنے والے ممالک کی جانب سے رکاوٹیں ڈالنے پر تشویش ظاہر کی گئی۔
مجوزہ اعلامیے کی حمایت ختم ہونے کے باعث موسمیاتی سائنس کی تازہ رپورٹس کی اشاعت کی حمایت سے متعلق بیانات بھی منظور نہ ہوسکے، صرف تکنیکی نتائج سامنے آئے، جن میں عالمی درجہ حرارت میں ہر اضافے کے ساتھ موسمیاتی اثرات مزید سنگین ہونے پر شدید تشویش ظاہر کی گئی۔
آسٹریلیا کے وزیر موسمیات و توانائی کرس بوون نے مجوزہ اعلامیے کی ناکامی کے بعد کہا کہ ان کے ملک نے اتفاق رائے کے لیے اپنی پوری کوشش کی تاہم بعض ممالک کے درمیان اختلافات ختم کرنا ممکن نہیں تھا، فجی کی وزیر موسمیات لنڈا تابویا نے بھی کہا کہ اس ناکامی کی ذمہ داری کسی ایک ملک پر نہیں بلکہ تمام فریقوں پرعائد ہوتی ہے۔
اقوام متحدہ کے سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کانفرنس کی ناکامی کا ذمہ دار طاقتور فوسل فیول مفادات، تیل اور گیس برآمد کرنے والے ممالک اور کارپوریٹ لابنگ کو قرار دیا، دوسری جانب بعض ممالک نے طویل عرصے سے تعطل کا شکار عالمی موسمیاتی مذاکرات کے نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔
کیا یہ عالمی موسمیاتی معاہدے کا خاتمہ ہے؟
کانفرنس کے اختتام پر مجوزہ اعلامیے کی منظوری نہ ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنسوں کا عمل یا پیرس معاہدہ ختم ہوگیا ہے، ایسے سیاسی اعلامیے باضابطہ مذاکرات کے اضافی حصے ہوتے ہیں اور ان کی منظوری لازمی نہیں ہوتی تاہم حالیہ ناکامی سے ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی موسمیاتی تعاون کا طریقہ کار مستقبل میں تبدیل ہوسکتا ہے۔
کانفرنس کے دوران 130 سے زائد ممالک کی جانب سے ناکافی معاہدے پردستخط سے انکار کو بعض ماہرین نے ناکامی کے بجائے اصولی مؤقف اور جرات مندانہ اقدام قرار دیا ہے۔
اب اہم سوال یہ ہے کہ کیا ممالک آئندہ سال ایتھوپیا میں ہونے والی COP32 کانفرنس میں کاربن اخراج میں کمی کے لیے مذاکراتی پروگرام بحال کرسکیں گے اور کیا امیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرغریب ممالک کو درکار مالی وسائل فراہم کرنے کے وعدے پورے کریں گے؟ ان سوالات کے جوابات ہی عالمی موسمیاتی تعاون کی آئندہ سمت کا تعین کریں گے۔



