وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے اثرات کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں پی ایم اسپیشل فیول ریلیف اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں فیول سبسڈی اسکیم 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب شروع ہوگی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب پیٹرول پر ریلیف فراہم کیا جاسکے گا۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی اسکیم 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے فیول سبسڈی کے حصول کے لیے رجسٹریشن کا ایس ایم ایس مفت کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق شہری آسانی سے اسکیم میں شامل ہوسکیں۔
رجسٹریشن کیلئے صرف 4 معلومات درکار
حکام نے وزیراعظم کو بتایا کہ فیول سبسڈی اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو صرف چار معلومات فراہم کرنا ہوں گی۔ ان میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور تاریخ شامل ہیں۔
بریفنگ کے مطابق اسلام آباد ریجن میں اسکیم کے آغاز سے آج سہ پہر تک 6 لاکھ سے زائد ایس ایم ایس موصول ہوچکے ہیں، جن میں سے 42 ہزار 933 درخواست گزار رجسٹرڈ ہوچکے ہیں۔
عوامی آگاہی مہم تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم شہباز شریف نے چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اسکیم کے حوالے سے فیلڈ میں موجود رہیں اور عوام کو رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کریں۔
وزیراعظم نے عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی عوام کی رہنمائی کے لیے متحرک کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیول سبسڈی اسکیم کے حوالے سے بھرپور میڈیا آگاہی مہم چلائی جائے اور پرنٹ، الیکٹرانک، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پر عوام کو اسکیم کے طریقہ کار اور اہلیت سے آگاہ کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بوجھ کو کم کرنا اور ریلیف ان شہریوں تک پہنچانا ہے جو اس کے حقیقی مستحق ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیش رفت پر اعلیٰ سطحی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا.
اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور… pic.twitter.com/e7tk8VPgo5
— Prime Minister's Office (@PakPMO) September 14, 2026
انہوں نے ہدایت کی کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مستحق شہریوں تک پہنچائے جائیں اور رجسٹریشن کے دوران عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم سے متعلق مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ پر دستیاب ہیں، جہاں شہری اسکیم کے طریقہ کار، رجسٹریشن اور دیگر ضروری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ایک ماہ کے دوران بیس لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جائے گی جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 30 لیٹر پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے رعایت دی جائے گی۔
وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کا آسان طریقہ
وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹریشن اور فیول ٹوکن کے حصول کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا گیا۔
وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے جامع اور خودکار ڈیجیٹل سسٹم تیار کیا ہے، جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن کا مکمل طریقہ کار pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہے۔

شہری اپنے نام پر رجسٹرڈ موبائل سم سے مقررہ فارمیٹ کے مطابق ایس ایم ایس ارسال کرکے رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، کامیاب رجسٹریشن کی صورت میں شہری کو تصدیقی جواب موصول ہوگا۔
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد فیول ٹوکن کے حصول کے لیے موبائل فون سے TOK لکھ کر 9771 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔
حکام کے مطابق درخواست کی تصدیق اور کامیابی کی صورت میں شہری کو موبائل فون پر فیول ٹوکن موصول ہوگا، جسے متعلقہ پٹرول پمپ پر دکھا کر تصدیق کے بعد رعایتی نرخ پر پٹرول حاصل کیا جا سکے گا۔



