اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ ترکیہ کے دوران ترک اور سعودی وزرائے دفاع سمیت اہم حکام سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ کے وزیر دفاع اور سعودی وزیر دفاع سے ملاقاتیں کیں، جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ اور ترک جنرل اسٹاف سے بھی ملاقات ہوئی۔
.jpg)
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مکہ معاہدے کے تحت اسٹریٹجک کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اجلاس میں اسٹریٹجک رابطہ کاری اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
.jpg)
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے اپنے اسٹریٹجک اور دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
تینوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعاون اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
دوسری جانب مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسٹریٹجک، سیاسی و دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس استنبول میں منعقد ہوا، جس کے بعد پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔
اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، جبکہ کشیدگی میں کمی اور بحرانوں کے پرامن حل کے لیے سفارتی و دیگر کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تعاون کو مزید ادارہ جاتی شکل دینے اور اجتماعی دفاع و مشترکہ بازداریت کی ساکھ اور مؤثریت کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔


