پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران مزید 11 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا کہ خاران اور واشک میں کارروائیاں خفیہ اطلاعات پرکی گئیں، ہلاک ہونے والے دہشت گرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ تھے۔
خاران میں کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں نے6 ستمبرکو خاران میں سڑک بند کرنےکی کوشش کی تھی۔
بیان کے مطابق اسی طرح واشک میں بروقت کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کوبھی تباہ کردیا گیا، ہلاک دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا جودہشت گردی میں استعمال کیا جا رہا تھا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
صدرِمملکت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تازہ کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بلوچستان کے اضلاع خاران اور واشک میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔
صدرِ مملکت کا واشک میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران 2.9 ٹن دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین۔…
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) September 9, 2026
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا،فتنۃ الہندوستان دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، وزیراعظم
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی بلوچستان میں کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا،وزیراعظم نے 11 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کو سراہا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گرد اور سہولت کاروں کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے،بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا،فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایک بیان میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ 11 بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ سکیورٹی فورسز بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔


