آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں بلوچستان کی سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے مطابق کور کمانڈر کوئٹہ نے کوئٹہ گیریژن پہنچنے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے فارمیشنز کمانڈرزاور کمانڈنگ افسران سے ملاقات کی اس موقع پرانہیں بلوچستان میں سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال اور مختلف آپریشنل امور سے متعلق بریفنگ دی گئی، جبکہ صوبے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے جاری اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کوبلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کیے جانے والے اقدامات اور تعاون کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
انہوں نے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا اور افسران و جوانوں کی ثابت قدمی کی تعریف کی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطے کی ضرورت پر زور دیا
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح ریاستی کوششوں کا مرکز ہیں، ایک محفوظ اورمستحکم ماحول ترقیاتی اقدامات اورمعاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔
فیلڈ مارشل نے مزید کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام اورعوام کی بہتری کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط کوششیں ضروری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورے کے دوران شہدا کی قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے ملک کے امن و استحکام کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں قوم کیلئے باعث فخر ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے افسران اورجوانوں کے عزم، حوصلے اورپیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اوراس امید کا اظہارکیا کہ بلوچستان میں امن واستحکام کیلئے جاری کوششیں مزید مؤثراندازمیں جاری رکھی جائیں گی۔



