لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ تاجروں نے ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے اور 3 ستمبر کو مارکیٹیں بند ہوں گی۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کا نظم مسلسل 18ویں روز دھرنے کو جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ملک کے دیگر حصوں میں دھرنوں پر انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے قائدین عوام اور تاجروں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ پشاور میں اس وقت چار مقامات پر دھرنے جاری ہیں، جبکہ چترال، سکھر، سندھ کے مختلف علاقوں اور جنوبی پنجاب میں بھی احتجاجی کیمپ لگے ہوئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کراچی کی تمام مارکیٹوں کی تنظیموں نے ہڑتال کی حمایت کی ہے، جبکہ لاہور کے تاجروں نے بھی حمایت کا اعلان کیا ہے اور کل لاہور کی تمام مارکیٹیں بند رہیں گی۔ راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کی مارکیٹیں بھی بند ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ لیوی بھتہ اور بجلی کے فکسڈ چارجز سے ہر کوئی پریشان ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی مسئلہ نہیں بلکہ عوام کے حقوق کے لیے احتجاج کیا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکمران کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کی وجہ سے لیوی ختم نہیں کرسکتے، جبکہ ہر حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر حکومت عوام کو آئی ایم ایف کی دلدل میں پھنسا دیتی ہے، اب عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرنا ہوگی۔



