مظفر آباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے حکومت کے پہلے اجلاس میں 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈے پر فوری عملدرآمد کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم افتخار گیلانی کی زیر صدارت سیکرٹریز حکومت کا اجلاس وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سردار محمد ظفر، پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید سمیت مختلف محکمہ جات کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بیوروکریسی کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو فوری ریلیف، روزگار کے نئے مواقع، نوجوانوں کے لیے پروگرام، جبکہ صحت اور سفری سہولیات میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
کارکردگی سے متعلق انہوں نے ہدایت کی کہ حکومت کی کارکردگی محض اعلانات تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے نتائج زمینی سطح پر نظر آنے چاہئیں۔ عام آدمی کی مشکلات کم کرنا حکومت کا اولین ایجنڈا ہے۔
افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں بے روزگاری بڑا چیلنج ہے، نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیا جائے گا۔ جبکہ طلب اور ضرورت کی بنیاد پر ہنرمند پروگرام بھی متعارف کرایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔
بنیادی سہولیات سے متعلق انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، سفری سہولیات اور بنیادی عوامی خدمات میں بہتری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔ حکومت اور انتظامیہ ٹیم ورک کے ذریعے عوامی مسائل حل کریں گے۔
افتخار گیلانی نے واضح کیا کہ 100 روزہ اصلاحاتی ایجنڈا حکومت کی ترجیحات کا واضح روڈ میپ ہے، جس کے ذریعے گڈ گورننس، عوامی سہولیات اور معاشی مواقع کو فروغ دیا جائے گا۔


