اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے میں 14 نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف، صدر مملکت آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور دیگر رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے ساتھ ایسی صورتحال ناقابلِ تلافی ہے، واقعے کے محرکات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے، ذمہ داران کا تعین کرکے ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
اسلام آباد : 26 اگست 2026.
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے اندوناک واقعہ میں 14 نومولود جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور دِلی افسوس کا اظہار کیا. وزیراعظم نے معصوم بچوں کے لواحقین سے دلی اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آتشزدگی کے افسوسناک…
— Prime Minister’s Office (@PakPMO) August 26, 2026
وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر دل رنجیدہ ہے اور وہ غمزدہ والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ صدر مملکت نے اسپتالوں میں فائر سیفٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پمز نرسری میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہم لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پمز نرسری میں بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کو انتہائی تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے اسپتالوں میں فائر سیفٹی آلات کی موجودگی اور فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو اسپتالوں کے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی پمز اسپتال اسلام آباد میں آتشزدگی کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے نومولود بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے کو تکلیف دہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی 14 نومولود بچوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آتشزدگی کے اندوہناک واقعے پر دل افسردہ ہے اور وہ بچوں کے والدین کے دکھ اور غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پمز ہسپتال میں معصوم بچوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور افسوس کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی صورتحال سے بچاؤ کے لیے ہر جگہ پیشگی حفاظتی انتظامات ہونے چاہئیں۔


