پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے انگلینڈ کی معروف لنکاشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب کے ساتھ معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت وہ پہلی مرتبہ انگلینڈ میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔
معاہدے کے مطابق نعمان علی لنکاشائر کی جانب سے کاؤنٹی چیمپئن شپ کے آخری چھ میچز کے لئے دستیاب ہوں گے۔
یہ تمام مقابلے رواں ماہ اورستمبر کے دوران کھیلے جائیں گے جبکہ ان کی پہلی شرکت 20 اگست سے نارتھ ہیمپٹن شائر کے خلاف شیڈول میچ میں متوقع ہے۔
نعمان علی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ پہلی بارانگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے پر بے حد پرجوش ہیں اوراولڈ ٹریفرڈ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلنے کے لئے بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔
قومی اسپنر نے کہا کہ لنکاشائر جیسے تاریخی کلب کی نمائندگی کرنا ان کے لئے اعزاز کی بات ہے وہ سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے لنکاشائر کی نمائندگی کریں گے۔
ان کے بقول وسیم اکرم نے اس کلب کے لیے طویل عرصے تک شاندار کرکٹ کھیلی اور وہ بھی اپنی کارکردگی سے اسی روایت کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں گے۔
پاکستان کیخلاف ٹیسٹ سیریز ، انگلینڈ کا 16 رکنی اسکواڈ سامنے آ گیا
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے حال ہی میں نعمان علی کو ویسٹ انڈیز اورانگلینڈ کے دوروں کے لیے قومی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا تھا۔
تاہم کاؤنٹی کرکٹ میں شمولیت انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور مستقبل میں قومی ٹیم میں واپسی کا مضبوط موقع فراہم کر سکتی ہے اس معاہدے کو نعمان علی کے کیریئر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
