امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے یمن کے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات پر حوثی حملے مذہبی اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔
اپنے بیان میں شیخ عبدالرحمان السدیس نے کہا کہ مقدس مقامات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔اسلام انسانی جان، مال اور عزت کے تحفظ اور جارحیت کی ممانعت کا درس دیتا ہے، موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔
امام کعبہ کا مزید کہنا تھا کہ عوام افواہوں سے خبردار رہیں اور معلومات صرف مستند ذرائع سے حاصل کریں،عوام کا اتحاد اور قومی یکجہتی خطرات کا مقابلہ کرنے کی بنیادی قوت ہے۔
عبدالرحمن السدیس نے سعودی عرب، اس کی قیادت، عوام، مقدس مقامات اور وہاں خدمات انجام دینے والے اور ان کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے دعا کی۔
حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں، پاکستان
پاکستان نے بھی سعودی عرب کے شہروں پر یمن کے حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے بحران کی سنگینی کے پیش نظر سفارتی کوششوں میں فوری تیزی لانا ہو گی۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ حوثی حملوں سے علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ باب المندب کے گرد حوثی حملوں کا پھیلاؤ سنگین کشیدگی کا باعث ہے، یمن کی بگڑتی صورتحال انتہائی خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے، اسلئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔
مقدس مقامات کی بے حرمتی ناقابل قبول ہے، او آئی سی
دوسری جانب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پر حوثی گروپ کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان حملوں کا مقصد شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا، مقدس مقامات اور مساجد کی حرمت پامال کرنا اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنا ہے۔
تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے ایک بیان میں کہا کہ مقدس مقامات، مساجد اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانا دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے جو اسلامی اقدار اور بین الاقوامی قوانین و اصولوں کے منافی ہے۔
او آئی سی نے مقدس مقامات کی بے حرمتی کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف مؤثر کارروائی اور انہیں روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ کی فضائی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے حوثی ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق ڈرون کو مکہ کے گرد ممنوع فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک لیا گیا۔ دونوں مقدس مساجد کا تحفظ ریڈ لائن ہے ، فوجی اتحاد حوثیوں کے خلاف ضروری اقدامات کرے گا۔



