چندی گڑھ: آسٹریلیا اے ویمن نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھارت اے ویمن کو 30 رنز سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کرلی۔
دوسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا اے ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے اور بھارت اے ویمن کو جیت کے لیے 179 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا اے کی جانب سے کیٹی میک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل تھے۔
ریچل ٹرینامن نے 25 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جبکہ چارلی ناٹ نے 20 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ انیکا لیروئیڈ نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 16 گیندوں پر 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
بھارت اے ویمن کی جانب سے نکی پرساد نے جواب میں مزاحمت کی اور 31 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، تاہم دیگر بیٹرز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
بھارت اے ویمن کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز تک محدود رہی اور اسے 30 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارت اے کی جانب سے منی مانی نے 25 گیندوں پر 16 رنز بنائے، تنوجا کنور نے 12 گیندوں پر 16 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ انوشکا شرما 11 رنز بنا سکیں، شبرا گری نے 13 رنز بنائے۔
آسٹریلیا اے کی جانب سے ملی الِنگ ورتھ اور فرینکی نکِلِن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ٹیلہ ولا منک، ٹیس فلنٹوف اور ہیلی سلور ہومز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، بھارت اے کی باؤلنگ میں نکی پرساد نے آسٹریلیا اے کی دو وکٹیں حاصل کیں۔



