کراچی: سندھ بھر میں نئے اسلحہ لائسنس کے اجرا پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجارکے ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں کوئی بھی لائسنسنگ اتھارٹی نیا اسلحہ لائسنس جاری نہیں کرسکے گی، اسی طرح نئے آرمز ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا پر بھی مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ فیصلے کا اطلاق فوری طور پر کیا گیا ہے اورتمام متعلقہ لائسنسنگ حکام کو اس حوالے سے سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ہے، کسی بھی اتھارٹی کو نئے اسلحہ لائسنس یا آرمز ڈیلرشپ لائسنس جاری کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان وزیر داخلہ سندھ کے مطابق غیرمعمولی اور خصوصی نوعیت کے کیسز میں اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت دی جاسکے گی، تاہم ایسے کیسز میں مجاز اتھارٹی سے پیشگی منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
انہوں نے واضح کیا کہ خصوصی کیسز میں بھی اسلحہ لائسنس جاری کرنے کا عمل قواعد و ضوابط کے مطابق ہوگا اور اس کے لیے وزیر داخلہ سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری درکار ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پابندی کے فیصلے سے متعلق تمام متعلقہ محکموں اورلائسنسنگ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے، جبکہ انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ نئے اسلحہ لائسنس اورآرمز ڈیلرشپ لائسنس کے اجرا سے مکمل طور پر گریز کیا جائے۔
صوبائی حکومت کی جانب سے یہ اقدام سندھ میں اسلحہ لائسنس کے اجرا کے نظام کو مزید منظم کرنے کے سلسلے میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔


