ملک میں سونے کی قیمت میں ایک بار پھر کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 4 ہزار روپے سستا ہوکر 4 لاکھ 49 ہزار 336 روپے کا ہوگیا۔
10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 3 ہزار 429 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد 10 گرام سونا 3 لاکھ 85 ہزار 233 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
سونے کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے باوجود عالمی اورملکی سطح پر مختلف عوامل قیمتی دھات کی قیمتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں، ان عوامل میں امریکی ڈالر کی قدر میں تبدیلی، عالمی معاشی صورتحال میں غیر یقینی، جغرافیائی کشیدگی اور سرمایہ کاروں کا رجحان شامل ہے۔
عالمی سطح پر معاشی اور سیاسی غیر یقینی کے دوران سرمایہ کار سونے کو محفوظ سرمایہ کاری سمجھتے ہیں۔ ایسے حالات میں سونے کی طلب بڑھنے سے اس کی عالمی قیمت میں اضافہ ہوسکتا ہے، جبکہ غیر یقینی صورتحال میں کمی قیمتوں پر دباؤ ڈال سکتی ہے۔
عالمی سطح پر شرح سود میں کمی یا مستقبل میں شرح سود کم ہونے کی توقعات بھی سونے کی قیمتوں پراثرانداز ہوتی ہیں۔
کم شرح سود کے ماحول میں غیر سودی اثاثے کے طور پر سونے کی کشش بڑھ جاتی ہے، جس سے اس کی طلب میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
پاکستان میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت کے علاوہ روپے اور امریکی ڈالر کی شرح تبادلہ بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت کے تعین میں اہم کردارادا کرتی ہے، عالمی قیمتوں اورڈالر کی قدرمیں تبدیلی کا براہ راست اثرمقامی مارکیٹ پر پڑتا ہے۔


