پاسپورٹس کی تازہ درجہ بندی میں پاکستانی پاسپورٹ 2026 میں 9 درجے تنزلی کے بعد 183ویں نمبر پر آگیا۔
انگریزے جریدے گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کا موبیلیٹی اسکور(سفری سہولت کا اسکور) 42 ہے جس کا مطلب ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو مجموعی طور پر 42 مقامات تک مختلف اقسام کی سہل سفری رسائی حاصل ہے۔
تاہم رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 42 کا موبیلیٹی اسکور(سفری سہولت کا اسکور) یہ ظاہر نہیں کرتا کہ پاکستانی شہری 42 ممالک میں بغیر ویزا سفر کرسکتے ہیں۔پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کو صرف 9 مقامات پر ویزا فری رسائی حاصل ہے جبکہ 29 مقامات پر ویزا آن ارائیول اور4 مقامات پر الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے داخلے کی سہولت موجود ہے۔
اس طرح مجموعی طور پر 42 مقامات ایسے ہیں جہاں پاکستانی شہریوں کو سفر سے قبل روایتی ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی جبکہ 156 مقامات کیلئے سفر سے پہلے ویزا حاصل کرنا ضروری ہے۔
کن ممالک میں ویزا فری رسائی ہے؟
رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو جن 9 مقامات پر ویزا فری رسائی حاصل ہے ان میں بارباڈوس، ڈومینیکا، دی گیمبیا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈائنز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں۔
دوسری جانب 29 مقامات پر پاکستانی شہریوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت حاصل ہے جبکہ 4 مقامات پر الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن کے ذریعے داخلے کی اجازت دی جاتی ہے۔
رینکنگ میں نمایاں کمی
تازہ درجہ بندی پاکستان کے پاسپورٹ کی گزشتہ چند برسوں میں حاصل ہونے والی بہتری کے بعد نمایاں تنزلی کو ظاہر کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان 2023 میں 180ویں نمبر پر تھا، 2024 میں 175ویں نمبر پر آیا جبکہ 2025 میں مزید بہتری کے بعد 174ویں نمبر پر پہنچ گیا تھا تاہم 2026 میں پاکستانی پاسپورٹ 9 درجے تنزلی کے بعد 183ویں نمبر پر آگیا۔
تازہ درجہ بندی میں پاکستان دنیا کے کم ترین رینک والے پاسپورٹس میں شامل ہے جبکہ پاکستان سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹس موجود ہیں۔
موبیلیٹی اسکور میں بھی کمی
پاکستانی پاسپورٹ کے موبیلیٹی اسکور(سفری سہولت کا اسکور) میں بھی گزشتہ برس کے مقابلے میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2020 میں پاکستان کا موبیلیٹی اسکور(سفری سہولت کا اسکور) 36 تھا جو 2023 میں بڑھ کر 47ہوگیا۔ 2024 میں بھی یہ اسکور 47 پر برقرار رہا تاہم 2025 میں موبیلیٹی اسکور(سفری سہولت کا اسکور) کم ہوکر 44 ہوگیا جبکہ 2026 میں مزید کمی کے بعد یہ 42 رہ گیا۔
موبیلیٹی اسکور کیسے کام کرتا ہے؟
پاسپورٹ رپورٹس موبیلیٹی اسکور(سفری سہولت کا اسکور) کے ذریعے ان مقامات کی تعداد کو ظاہر کرتی ہے جہاں مسافروں کو روایتی ویزا پہلے سے حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ویزا فری سفر کو پاسپورٹ کی نقل و حرکت کی نسبتاً مضبوط شکل سمجھا جاتا ہےکیونکہ مسافر کو سفر سے قبل ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
ویزا آن ارائیول کی صورت میں بھی سفر سے پہلے ویزا حاصل نہیں کرنا پڑتا تاہم مسافر کو منزل پر پہنچنے کے بعد امیگریشن کے مراحل اور متعلقہ داخلے کی شرائط پوری کرنا ہوتی ہیں۔
اسی طرح الیکٹرانک ٹریول اتھارائزیشن بھی سفری سہولت کی ایک شکل ہے تاہم اسے ویزا فری داخلے کے برابر نہیں سمجھا جاتا۔ اس صورت میں مسافر کو عموماً سفر سے قبل الیکٹرانک اجازت حاصل کرنا ہوتی ہے۔


