نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اپنے آبائی علاقے سوات میں ہونے والے خودکش حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی۔
ملالہ یوسفزئی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ سوات میں ہونے والے خودکش حملے میں ایک درجن سے زائد پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی ہلاکت پر وہ دل گرفتہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتیں اور ان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب شہری علاقے میں بڑھتی ہوئی عسکریت پسندی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج کے لیے جمع تھے۔
ملالہ یوسفزئی نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا، خصوصاً سوات میں بڑھتے ہوئے دہشت گرد حملوں کے پیش نظر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے۔
I’m heartbroken about the suicide attack in my hometown of Swat Valley, Pakistan, which killed more than a dozen police officers and people. I can’t imagine the pain of the victims’ families and extend my deepest condolences to them.
The attack happened while civilians were… https://t.co/raToCPxh0l
— Malala Yousafzai (@Malala) August 3, 2026
انہوں نے کہا کہ سوات کی لڑکیاں کئی برسوں سے امن اور معمول کی زندگی کی خواہاں رہی ہیں، اور وہ دعا گو ہیں کہ سوات کے عوام کو دوبارہ کبھی طالبان کے دور جیسے حالات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوات کے تھانہ کبل کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد شہید جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے تھے۔
ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے مطابق خودکش حملہ آور کا سر جائے وقوعہ سے مل گیا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہی ہے، عظمیٰ بخاری
پولیس ترجمان کے مطابق ضلع سوات کے تھانہ کبل کے مرکزی دروازے کے سامنے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا۔
