لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا۔
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن خدمت اور ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور آزاد کشمیر کے عوام نے بھی کارکردگی کو ووٹ دے کر اس پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں خواتین نے بھی بھرپور انداز میں ووٹنگ کے عمل میں حصہ لیا، جبکہ مسلم لیگ ن کے بیشتر امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔
پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گزشتہ 18 برس سے اقتدار میں ہے، لیکن اپنی کارکردگی بتانے کے لیے اس کے پاس کچھ نہیں۔ پیپلز پارٹی کو اپنی کارکردگی اجاگر کرنے کے لیے اشتہارات کا سہارا لینا پڑا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابی نتائج سے قبل ہی اعتراضات اور الزامات کا سلسلہ شروع کر دیا تھا، لیکن الیکشن کمیشن میں کسی قسم کی باقاعدہ درخواست جمع نہیں کرائی گئی۔ پیپلز پارٹی بتائے کہ اس نے الیکشن کمیشن کو کتنی شکایات یا درخواستیں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں اپنی سیاست بچانے کی کوشش کر رہی ہیں، جبکہ عوام پہلے ہی انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ کچھ ہارے ہوئے سیاستدان ملک میں مسلسل انتشار چاہتے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپنے علاقوں میں ترقی اور بنیادی سہولیات چاہتے ہیں۔ اور مسلم لیگ ن یہ دعویٰ کر سکتی ہے کہ وہ کشمیر کو پنجاب کی طرز پر ترقی دے گی، جبکہ پیپلز پارٹی ایسا دعویٰ نہیں کر سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر میں 2024 کے انتخابات کی روایت دہرائی گئی ، فارم 47 پلس کی حکومت بن رہی ہے ، شرجیل میمن
انہوں نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ اس معاملے پر ابھی تک پارٹی کے اندر کوئی بحث نہیں ہوئی۔ جو لوگ موجودہ نظام کو ناکام قرار دیتے ہیں، وہ خود اسی نظام کے ذریعے آگے بڑھے ہیں۔
